چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ 5 تکمیل کے بعد 1200 میگاواٹ بجلی پیدا کریگا: پی اے ای سی

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے کہاہے کہ نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے پرامن اطلاق سے کینسر کی تشخیص اور علاج میں تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔اعلامیہ جاری کے مطابق پی اے ای سی نے بتایا کہ ملک بھر میں قائم 20 کینسر اسپتال تشخیص و علاج کی جدید سہولتیں فراہم کر رہے ہیں، تقریباً 80 فیصد پاکستانی کینسر کے مریض ان ہسپتالوں سے مستفید ہوتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ 6 جوہری پاور پلانٹس سے 3 ہزار 530 میگاواٹ سستی اور ماحول دوست بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔ چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ ایک نے 400 دنوں تک مسلسل بجلی پیدا کر کے قومی ریکارڈ قائم کیا ہے۔پی اے ای سی کے مطابق زیر تعمیر چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ 5 تکمیل کے بعد 1200 میگاواٹ بجلی پیدا کریگا۔کمیشن نے کہا کہ نیوکلیئر انسٹیٹیوٹ فار ایگریکلچر اینڈ بائیولوجی فیصل آباد رنگین کپاس تیار کر رہا ہے۔ یہ ادارہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے معاون مرکز کے طور پر بھی پہچان حاصل کر چکا ہے۔پی اے ای سی اعلامیہ میں کہا گیا کہ نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال سے پائیدار ترقی کے فروغ کیلئے کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔