پی ایس ایل کے بعد پاکستان، بنگلہ دیش سیریز میں ڈی آر ایس ٹیکنالوجی نہیں ہوگی

لاہور (مشرق نیوز) پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کے پلے آف میچز کے بعد پاکستان، بنگلہ دیش ٹی20 سیریز بھی ڈی آر ایس کے بغیر کھیلی جائے گی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کے بعد براڈکاسٹنگ عملے میں شامل ڈی آر ایس ٹیکنالوجی آپریٹ کرنے والوں نے ملک کا رخ نہیں کیا تھا جس کے باعث اہم ٹیکنالوجی میسر نہیں تھی۔

پی سی بی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ 3 میچز پر مشتمل پاکستان بنگلہ دیش کی ٹی20 سیریز میں بھی ڈی آر ایس ٹیکنالوجی استعمال نہیں ہوگی۔پاکستان کرکٹ بورڈنے مہمان ٹیم کو بھی اس بارے میں آگاہ کردیا ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کی ٹرافی کی رونمائی آج ہوگی جبکہ دونوں ٹیموں کے کپتان بھی پریس کانفرنس میں حصہ لیں گے۔واضح رہے کہ ٹی20 میچز قذافی سٹیدیم لاہور میں 28، 30 مئی اور یکم جون کو شیڈول ہیں۔