تہران (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن وسلامتی کی خاطر بات چیت کیلئے تیار ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں شہبازشریف کا ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایران کا دورہ کرکےدلی مسرت ہوئی، ایران کوہم اپنا دوسرا گھرسمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی صدرکےساتھ تعمیری اورمفید بات چیت ہوئی، دوران گفتگو دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوو¿ں کا جائزہ لیا گیا جبکہ تجارت،سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کووسعت دینے پراتفاق ہوا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اورایران کے گہرے تاریخی،مذہبی اورثقافتی تعلقات ہیں، دونوں ملکوں نے مختلف شعبوں میں تعاون کوفروغ دینے پر اتفاق رائے کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایرانی صدر کے پاکستانی عوام کےلئے جذبات پرمشکورہوں ڈاکٹرمسعود پزشکیان نے فون کرکے خطے میں کشیدگی پرگہری تشویش کا اظہار کیا، ایرانی وزیرخارجہ عراقچی بہترین سفارتکارہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری بہادر مسلح افواج نے بھارتی جارحیت پر دلیرانہ کارروائی کی، مسلح افواج نے اپنے عوام کی طاقت سے کامیابی حاصل کی، پاکستان پرامن ملک ہے اور خطے میں امن وسلامتی چاہتا ہے، امن کی خاطر بات چیت کیلئے تیار ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پانی کے مسئلے،انسداد دہشت گردی کے معاملے پر بات چیت کیلئے تیار ہیں، جارحیت ہو گی تو ہم اس کا بھرپورجواب دیں گے، مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں، غزہ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، غزہ میں50ہزارسےزیادہ لوگوں کو شہید کر دیا گیا ہے۔ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ وقت کا تقاضا ہےکہ عالمی برادری غزہ میں فوری اوردیرپا جنگ بندی یقینی بنائے۔
ایرانی صدر ڈاکٹرمسعود پزشکیان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان برادرہمسایہ ملک، وزیراعظم شہبازشریف کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہیں، دونوں ملکوں کے دہائیوں پر محیط ثقافتی، تاریخی تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوآئی سی کے پلیٹ فارم پر دونوں ملکوں کا موقف یکساں ہے،معیشت، بین الاقوامی تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پربات ہوئی۔
ڈاکٹرمسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ سرحدی علاقوں میں انسداد دہشت گردی سے متعلق دو طرفہ قریبی تعاون ضروری ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہیں، خطے کی ترقی اورخوشحالی امن سے ہی ممکن ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ ایران اورپاکستان فلسطینی کازکی بھرپورحمایت کرتے ہیں، فلسطین میں ہونے والی نسل کشی پرعالمی برادری کی خاموشی سوالیہ نشان ہے؟ پاکستان پرامن مقاصد کیلئے ایران کے سول جوہری پروگرام کی حمایت کرتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ایران کے حوصلہ افزا نتائج کیلئے پرامید ہوں۔
پاکستان خطے میں امن وسلامتی کی خاطر بات چیت کیلئے تیار ہے: وزیراعظم



















