لاہور (خبرنگار) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹی دودھ کے آگے گھٹنے ٹیک دئیے، صوبائی دارالحکومت لاہور میں شہریوں کو فراہم کیا جانے والا دودھ خالص نہیں بلکہ جان لیوا ملاوٹ کا شکار ہے اور پنجاب فوڈ اتھارٹی جیسے بااختیار ادارے کی آنکھوں کے سامنے یہ زہر ہر روز گھروں تک پہنچ رہا ہے مگر فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں دودھ کے صرف ایک معیار یعنی فیٹ کنٹینٹ (چکنائی کی مقدار) پر توجہ مرکوز رکھ کر اپنی ذمہ داری نبھانے کا دعویٰ کرتی دکھائی دے رہی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ دودھ میں چکنائی کو معیار کے مطابق رکھنے کیلئے کیمیکل شدہ کوکنگ آئل کا استعمال عام ہے، جو انسانی جسم کیلئے نہایت مضر سمجھا جاتا ہے۔ یہی نہیںبلکہ مارکیٹ میں پایا جانے والا خشک دودھ جو عموماً صنعتی معیار پر پورا نہیں اترتا اسے بھی مکس کر کے دودھ کو گاڑھا اور ”اصلی“ظاہر کیا جاتا ہے۔ اس حوالے سے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے سابق افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہمیں ہدایات جاری ہوتی تھیں کہ دودھ میں صرف فیٹ لیول چیک کریں باقی عناصر پر سوال نہ اٹھائیں کیونکہ اس سے مارکیٹ ڈسٹرب ہوتی ہے۔فوڈ اتھارٹی کی مجرمانہ غفلت فوڈ اتھارٹی کے ناکے شہر کے داخلی راستوں پر قائم تو ہیں، لیکن ان کا معائنہ صرف چکنائی کے تناسب پر محدود ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ملاوٹی دودھ جس میں خوردنی تیل، سوڈا، یوریا اور دیگر کیمیکل شامل ہوتے ہیں، آسانی سے ان ناکوں سے گزر کر شہری علاقوں میں پہنچ جاتا ہے۔ اس ملاوٹی دودھ کے استعمال سے بچوں میں نشوونما کی کمی، ہڈیوں کی کمزوری، معدے اور آنتوں کے امراض بڑھ رہے ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر استعمال ہونے والا یہ دودھ نہ صرف بیماریوں کا باعث ہے بلکہ بعض صورتوں میں دائمی نظامِ ہضم کی خرابیاں بھی پیدا کر رہا ہے۔ عوام کو دودھ کے نام پر کیا پلایا جا رہا ہے وہ اس سے بے خبر ہے جبکہ باختیار ادارہ پنجاب فوڈ اتھارٹی بے حس ہو چکا ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی اور دودھ کے نام پر زہر فروخت کرنے والے مافیا کے درمیان اگر ایسا ہی گٹھ جوڑ جاری رہا تو آئندہ نسلیں کمزور جسم، کمزور دماغ اور ناقص صحت کے ساتھ پروان چڑھیں گی۔
مضر صحت دودھ کی سرعام فروخت، پنجاب فوڈ اتھارٹی ملاوٹ مافیا کے آگے سربسجود



















