اسلام آباد: (بیورورپورٹ)ججز تبادلہ وسنیارٹی کیخلاف درخواستوں پر سماعت کے دوران جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دیئے پاکستان میں ٹرانسفر پر جج کی رضا مندی آئینی تقاضا ہے، بھارت میں ٹرانسفر پر جج کی رضامندی نہیں لی جاتی۔
جسٹس علی مظہر کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بنچ نے سماعت کی،وکیل حامد خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا ہائیکورٹس سے ججز کے ٹرانسفر پر بہت سارے نکات پر غور ہونا چاہیے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز کے تبادلے میں غیر معمولی جلد بازی دکھائی گئی،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دیئے بھارت میں ججز کے ٹرانسفر میں جج کی رضا مندی نہیں لی جاتی ،چیف جسٹس کی مشاورت شامل ہے،وکیل حامد خان نے کہا ججز ٹرانسفر کے عمل میں چیف جسٹس نے بامعنی مشاورت ہی نہیں کی۔
جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا ججز ٹرانسفر کے عمل میں مشاورت نہیں بلکہ رضا مندی لینے کی بات کی گئی ،حامد خان نے کہا اصل مقصد جسٹس سرفراز ڈوگر کو لانا تھا، باقی 2 ججز کا ٹرانسفر تو محض دکھاوے کیلئے کیا گیا، آرٹیکل 200 کا استعمال اختیارات کے غلط استعمال کیلئے کیا گیا۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل ادریس اشرف نے کہا ججز ٹرانسفر کی میعاد کا نوٹیفکیشن میں ذکر نہیں ، ججز کو ٹرانسفر کر کے پہلے سے موجود ہائیکورٹ میں ججز کے مابین تفریق پیدا نہیں کی جا سکتی، ججز کے مابین الگ الگ برتاو نہیں کیا جا سکتا،جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا آپ کہنا چاہتے ہیں ججز ٹرانسفر کے عمل میں آرٹیکل 25 کو سامنے رکھا جائے؟ اگر ججز کا ٹرانسفر 2سال کیلئے ہوتا تو کیا آپ مطمئن ہوتے؟ اصل سوال سنیارٹی کا ہے۔
ٹرانسفر پر جج کی رضا مندی آئینی تقاضا ہے،سپریم کورٹ



















