لاہور ( اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی زیرصدارت 6 گھنٹے طویل خصوصی اجلاس میں ضلعی سالانہ ترقیاتی پروگرام کا جائزہ لیا گیا، تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیر اعلیٰ نے12 اضلاع کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی خود منظوری دی، دیگرباقی ماندہ اضلاع کے ترقیاتی پروگرام،انسداد تجاوازت اور بیوٹی فکیشن سے متعلق اجلاس آج دوبارہ ہو گا، اجلاس میںصوبے بھر کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی ، ڈسٹرکٹ میں بیوٹی فکیشن اور انسداد تجاوزات آپریشن کا جائزہ لیا گیا،مریم نواز نے کہا تجاوزات کا خاتمہ اور صفائی کا معیار برقرار رکھنا بہت بڑا چیلنج ہے، کمشنر اور ڈی سی کو پرفارمنس کےلئے مکمل آزادی دی،کسی کو فیصلوں پر اثرانداز ہونے کی اجازت نہیں، ارکان اسمبلی بھی اپنے اضلاع میں بہتر ی کی تعریف کرتے ہیں،پرفارمنس میں ہمارا مقابلہ کسی سابقہ حکومت سے نہیں، خود سے ہے، مجموعی پرفارمنس بہتر رہی مگر بہتری کی بہت گنجائش ہے، عوام میں ریلیف کا حقیقی احساس ہی کامیابی ہے،وقت بہت کم ہے،عوام کےلئے بہت کچھ کرنا باقی ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا محکمے کرپشن سے مکمل پاک نہیںہو سکے، میرے ہوتے ہوئے کرپشن افسوس ناک ہے، کرپشن کے خلاف جامع کریک ڈا¶ن کرنا ہوگا، اجلاس میںتمام تحصیلوں کے روڈز، مارکیٹوں اور بازاروں کی پائیدار اپ لفٹنگ کا فیصلہ کیا گیا، مریم نواز نے ہر شہر میں ماڈل رکشہ سٹینڈ بنانے ، لینڈ ایکوزیشن کےلئے حاصل اراضی کے مالکان کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق ادائیگی ،تجاوزات کے خاتمے کے بعد واگزار کرائی سرکاری اراضی کی سی سی ٹی وی مانیٹرنگ ، شہروں میںواگزار اور میسر سرکاری اراضی پر سپورٹس ایریا اور اربن فارسٹ قائم کرنے کا حکم دیا، وزیراعلیٰ نے انتظامی افسروں کو تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنانے کےلئے روزانہ وزٹ کرنے کی اورروڈز پر عارضی تجاوزات روکنے کےلئے لین مارکنگ ،فیصل آباد میں عوام کےلئے مزید الیکٹرک گاڑیاں فراہم کرنے ، تاریخی گھنٹہ گھر کے ہر بازار میں بہترین انفراسٹرکچر اور بیوٹی فکیشن کی ہدایت کی، اجلاس میں سرگودھا گول چوک سمیت دیگر مارکیٹ اور روڈز میں تجاوزات کا خاتمے کا جائزہ لیا گیا،وزیراعلیٰ نے راولپنڈی راجہ بازار کی اربن اپ لفٹنگ کے پلان کی منظوری دےدی، اجلاس میں والڈ سٹی اتھارٹی کی مشاورت سے راولپنڈی کی تاریخی عمارات کی بحالی کا فیصلہ،ساہیوال کے جنرل بس سٹینڈ کی منتقلی اور ملتان کی 278 سال قدیمی مسجد ولی محمد کی بحالی کے پراجیکٹ کی منظوری دی گئی،ادھر ن لیگ پنجاب کی صوبائی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کر لیا گیا ، پارٹی ذرائع کے مطابق پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس 21مئی کو دوپہر 12بجے پنجاب اسمبلی میں ہو گا جس کی صدارت وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کریں گی، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اسمبلی کارروائی کو موثر بنانے اور دیگر ایشوز زیر بحث آئیں گے،پنجاب اسمبلی کے اجلاسوں میں سرکاری بزنس کی کارروائی کے دوران حکومتی ارکان کی حاضری یقینی بنانے کا معاملہ زیر بحث آئے گا۔
میرے ہوتے ہوئے اداروں سے کرپشن کا خاتمہ نہ ہونا افسوسناک ہے:مریم نواز



















