پاکستان نے امریکہ کوزیرو ٹیرف تجارتی معاہدے کی پیشکش کردی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان نے امریکہ کوزیرو ٹیرف تجارتی معاہدے کی پیشکش کردی۔

ذرائع کے مطابق تجویز امریکی صدر کے پاکستان کےساتھ تجارت بڑھانے کے جواب میں دی گئی،پاکستان منتخب ٹیرف لائنز پر زیروٹیرف کےساتھ دوطرفہ معاہدے کا خواہشمند اورمتعدد شعبوں میں تجارت کو توسیع دینے کا خواہاں ہے ، پیشکش امریکی صدرکی طرف سے پاک بھارت فائر بندی کا معاہدہ کرانے کے بعد کی گئی، جنگ بندی کے بعد ٹرمپ نے کہا تھا دونوں ملکوں کےساتھ بہت سی تجارت کریں گے۔

دریں اثنا وزیرتجارت جام کمال نے امریکی خواہش کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا امریکہ ٹیرف کو پاکستان کےساتھ تجارت کےلئے رکاوٹ کے طور پر دیکھ رہا ہے،امریکہ چاہتا ہے پاکستان کےساتھ تجارت بڑھائے،ٹرمپ کا مثبت بیان پاکستان کی مضبوطی کو بھی اجاگر کرتا ہے،معاملے پر وزیراعظم کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کام کررہی ہے،کمیٹی اندازہ لگا رہی ہے کون سے فیکٹرز پر امریکہ کےساتھ بات کی جاسکتی ہے۔

دوسری جانب امریکہ کی جانب سے 19 پاکستانی کمپنیوں پر پابندیوں کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دی گئیں،وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے تحریری جواب میں کہا امریکہ نے سٹریٹجک پروگرام سے تعلق کا الزام لگاکر پاکستان کی 19 کمپنیوں پر تجارتی پابندیاں عائد کیں، پاکستان نے کمپنیوں کے سٹریٹجک پروگرام سے منسلک ہونے کی تردید کردی،ماضی میں بھی الزامات لگائے گئے، امریکی اقدامات تجارت اور تجارتی اداروں کیلئے ٹیکنالوجی تک رسائی میں رکاوٹ پیدا کرتے ہیں امریکہ کے متعصبانہ اقدامات و محرکات سیاسی ہیں،تحریری جواب میں بتایا گیا امریکہ نے مجموعی طور پر 80 کمپنیوں پر پابندی لگائی، پاکستان کے علاوہ چین، متحدہ عرب امارات اور جنوبی افریقہ کی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔