اسلام آباد (بیورو رپورٹ) روس کے نمائندے ڈینس نازروف نے وزیراعظم پاکستان کے خصوصی معاون ہارون اختر خان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کا مرکزی موضوع پاکستان میں نئی اسٹیل ملز کے قیام تھا۔دونوں فریقین نے پاکستان اور روس کے درمیان کراچی میں نئی سٹیل مل کے قیام کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی۔ دونوں ممالک نے اس منصوبے کو آگے بڑھانے اور اس پر عمل درآمد کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔ملاقات کے دوران، ہارون اختر خان نے وزیراعظم کے وژن کو اجاگر کیا جس کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے بہترین موقع ہے، اور پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر خود کو ایک محفوظ اور مستحکم سرمایہ کاری کی منزل کے طور پر پیش کیا ہے۔مزید برآں ہارون اختر خان نے پاکستان اور روس کے درمیان سٹیل کی صنعت میں شاندار تعاون کے امکانات پر روشنی ڈالی جس سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان ایک محفوظ اور ترقی پزیر سرمایہ کاری کا مرکز ہے، اور عالمی برادری نے اس کی صلاحیت کو تسلیم کیا ہے۔ہارون اختر خان نے کہاکہ انہوں نے روس کے تمام کاروباری افراد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت بھی دی۔اس ملاقات نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں ایک اہم قدم اٹھایا ہے اور سٹیل کی پیداوار جیسے اہم شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کیلئے نئی راہیں کھولی ہیں۔
پاکستان ،روس نئی سٹیل مل کے قیام پر متفق،تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے: ہارون اختر



















