اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور آپریشن ”بنیان مرصوص“ کی کامیابی پر آج ملک بھر میں یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ یہ دن اللہ رب العزت کے حضور سجدہ شکر بجا لانے، افواج پاکستان کی بے مثال بہادری کو خراج تحسین پیش کرنے اور پوری قوم کے حوصلے اور وحدت کو سراہنے کیلئے منایا جائیگا۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آپریشن ”بنیان مرصوص” نے دشمن کی جارحیت کا موثر اور بھرپور جواب دیا اور پاکستان نے ہر محاذ پر برتری ثابت کی، ہم اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں جس نے ہمیں سرخرو فرمایا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کی جارحیت کے باوجود پاکستان نے صبر و تحمل لیکن مکمل تیاری کے ساتھ اپنے دفاع کو یقینی بنایا، وزیراعظم نے کہا کہ قوم بالخصوص علما کرام آج پورے ملک میں اجتماعی دعاوں اور نوافل کا اہتمام کریں، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں اور شہدا و غازیوں کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ افواج پاکستان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
آپریشن ”بنیان مرصوص“ کی کامیابی: وزیراعظم کا آج یوم تشکر منانے کا اعلان



















