ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا شہر میں جاری تجاوزات کے خلاف مہم پر اطمینان کا اظہار، دوران کارروائی کسی قسم کا دبا برداشت قطعاً نہ کیا جائے۔ شریف کالونی سے ناجائز قبضہ واگزار کرانے پر کارپوریشن کے عملہ کی فرض شناسی کو سراہا۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں سی ای او ساہیوال واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی افتخار علی، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، ڈائریکٹر پی ایچ اے نیاز احمد مغل سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے پی ایچ اے حکام کو ہدایت کی کہ حکومت کی طرف سے ملنے والی 10کروڑ روپے گرانٹ سے شہر میں شجرکاری کے دو یا تین بڑے منصوبے بنائے جائیں تاکہ شہری تادیر استعفادہ کر سکیں۔ انہوں نے ہائی سٹریٹ پر لگائے گئے پودوں کو پانی نہ دینے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور پسپ حکام کو ہدایت کی کہ مزید پودے بھی لگائے جائیں۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے ٹینکی چوک، عارف والا پل اور مال منڈی چوک پر ماڈرن ریڑھی بازار لگانے کی بھی ہدایت کی تاکہ عوام کو روزمرہ ضروریات کی اشیاءایک ہی جگہ دستیاب ہوں۔ اجلاس میں پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان نے بتایا کہ مال منڈی اور کالج چوک پر کام تیز کردیا گیا ہے اور 15مئی سے قبل دونوں کی کارپٹنگ کرلی جائے گی۔
تجاوزات کے خلاف مہم پر اطمینان کا اظہار،شہر کی خوبصورتی کیلئے شجرکاری ناگزیرہے: کمشنر ساہیوال



















