قطری وزیر اعظم کی پاک، بھارت کشیدگی میں کمی کیلئے پاکستانی اقداما ت کی حمایت
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن الثانی سے ملاقات کی،پاک بھارت کشیدگی پر اصولی موقف سے آگاہ کیا،اہم ملاقات میں پاک قطر تعلقات اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر پاک بھارت کشیدگی اور خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں بھی بات چیت ہوئی،وزیرداخلہ نے قطر کے وزیر اعظم کو پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے حوالے سے پاکستان کے ٹھوس اور اصولی موقف سے آگاہ کیا، انہوں نے خطے میں قیام امن کےلئے پاکستان کے جامع اقدامات کے بارے میں بریف کیا،محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا پہلگام واقعے پر بھارت کے بے بنیاد الزامات اور اقدامات سے خطے کے امن کو سنگین خطرات لاحق ہیں، واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش پاکستان کے اصولی موقف کو مضبوط کرتی ہے، دنیا کو علم ہونا چاہیے واقعے کے ماسٹر مائنڈ ، اصل ملزمان اور بینفشری کون ہیں، بھارت نے واقعے کی آڑ میں سندھ طاس معاہدے پر وار کیا ہے جو ہمارے لیے لائف لائن ہے، خطے میں دیرپا امن چاہتے ہیں لیکن جارحیت پر خاموش نہیں رہیں گے،ملاقات میں قطر کے وزیر اعظم نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کےلئے سفارتی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا،قطری وزیر اعظم نے کہا ہم خطے میں عدم کشیدگی کی پالیسی کے حامی ہیں، امید ہے سفارتی کوششوں سے کشیدگی کم ہو گی،قطر ی وزیر اعظم نے وزیر اعظم شہباز شریف کےلئے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا اور کہا آپ کے وزیراعظم بہت محنت سے پاکستان کی معیشت کو درست سمت لے کر جارہے ہیں۔ اس موقع پر قطر میں پاکستان کے سفیر محمد عامر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔



















