بھارتی جارحیت پر پاکستان کاسلامتی کونسل کا فوری اجلاس بلانے کا فیصلہ

اسلام آباد، لاہور: (بیورو رپورٹ) بھارتی جارحیت، اشتعال انگیزی کو اقوام متحدہ کے سامنے اٹھانے کی تیاریاں، پاکستان نے سلامتی کونسل کا فوری اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے کو سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کےلئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان نے سلامتی کونسل کو خطے کی صورتحال پر باضابطہ بریفنگ دینے کا فیصلہ کرلیا، پاکستان بھارت کے جارحانہ اقدامات، سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے غیرقانونی اقدامات کو بھی اجاگر کرےگا، پاکستان کی جانب سے واضح کیا جائیگا کس طرح بھارتی جارحانہ اقدامات خطے کی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، سفارتی اقدام عالمی برادری کے سامنے حقائق پیش کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔