وزیراعظم ،وزیر خارجہ کارابطہ،ملائیشیا نے پاکستانی موقف کی حمایت کردی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف، ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، شہبازشریف نے بھارت کے اشتعال انگیز روئیے کے نتیجے میں جنوبی ایشیا میں موجودہ کشیدگی پر پاکستان کی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بغیر کسی ثبوت واقعہ پاکستان جوڑنے کی کسی بھی کوشش کو واضح طور پر مسترد کر دیا اور واقعہ کے پس پردہ حقائق کا پتہ لگانے کےلئے بین الاقوامی، شفاف، معتبر و غیرجانبدارانہ تحقیقات کےلئے پاکستان کی پیشکش کو دہرایا۔

شہبازشریف نے کہا پاکستان تحقیقات میں ملائیشیا کی شرکت کا خیرمقدم کریگا، ہمیشہ دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر میں مذمت کی، پاکستان نے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ کے طور پر کردار کیا اوربے پناہ قربانیاں دیں، بھارتی اقدامات پاکستان کی مغربی سرحد پر انسداد دہشت گردی کوششوں سے توجہ ہٹا رہے ہیں، پاکستان کسی تنازع میں الجھنا نہیں چاہتا خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک اقتصادی استحکام کی راہ پر گامزن ہے، رواں سال ملائیشیا کا سرکاری دورہ کرنے کا منتظر ہوں۔

دونوں وزرائے اعظم نے پاکستان ملائیشیا تعلقات پر تبادلہ خیال، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے، تجارت، سرمایہ کاری ، ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا، ٹیلی فون کال پاکستان، ملائیشیا کے درمیان قریبی دوستی کی عکاس ہے ،دونوں رہنماﺅ ں نے علاقائی وبین الاقوامی پیشرفت پر رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

دریں اثنا وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ملائیشین ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے خطے میں حالیہ پیشرفت، بھارت کے اشتعال انگیز اقدامات سے آگاہ کیا۔

ترجمان وزرارت خارجہ نے کہا کہ اسحاق ڈار نے بھارت کے اشتعال انگیز پروپیگنڈے اور سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی اقدامات بین الاقوامی معاہدوں، عالمی قانونی ذمہ داریوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں، پاکستان علاقائی امن و سلامتی کےلئے پرعزم ہے اور اپنی خودمختاری و قومی مفادات کے تحفظ کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ ملائیشین وزیر خارجہ نے پاکستان کے موقف کی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور دونوں فریقین سے تحمل و ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کردی۔