سپین سے گھوڑوں پر سفر حج ،شرکاسعودی عرب پہنچ گئے
میڈرڈ (مشرق نیوز) سپین سے گھوڑوں پر سوار تین عازمین حج 8 ہزار کلومیٹر کی مسافت طے کر کے مملکت کے سرحدی علاقے میں داخل ہوگئے۔عرب ٹی وی کے مطابق سپین سے تعلق رکھنے والے تین عازمین نے آبا و اجداد کی یادیں تازہ کرنے کیلئے گھوڑوں پر فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے اندلس سے مکہ مکرمہ تک کے سفر کا آغاز تقریبا 8 ماہ قبل کیا تھا۔اس کی منصوبہ بندی 35 سال سے کی جارہی تھی یہ خواب پورا ہوگیا۔ عازمین حج شام ، اردن اور ترکیہ کی سرحدی علاقوں سے ہوتے ہوئے یکم مئی 2025 کو القریات کے سرحدی چیک پوسٹ الحدیثہ پر پہنچے جہاں علاقے کی شخصیات نے ان کا استقبال کیا اور ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا۔عازمیں کا کہنا تھا کہ انہیں راستے میں کافی سختیاں بھی دیکھیں خاص کر موسم سرما عروج پر تھا تاہم جس جذبے سے ہم نے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا اس نے ہمیں برفانی ہواوں میں بھی گرمائے رکھا۔انہوں نے بتایا کہ اردن پہنچنے پر ہمارا شاندار استقبال کیا گیا ہم جہاں سے گزرتے لوگ ہم پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے تھے۔



















