راولپنڈی،اسلام آباد،نئی دہلی:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)دفاعی میدان میں ایک اور سنگ میل عبور،پاکستان نے ”ابدالی ویپن سسٹم“ کاکامیاب تجربہ کرلیا،جدید ٹیکنالوجی سے لیس میزائل 450 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے اور ایٹمی وارہیڈ لےجانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہاتجربہ مشق ”انڈس“حصے کے طور پر کیا گیا ،مقصد افواج کی عملی تیاری کو جانچنا ،میزائل کے اہم پہلووں، بشمول جدید نیویگیشن سسٹم اور بہتر سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت کو جانچنا تھا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق تربیتی تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی سٹریٹجک فورسز کمانڈ، سٹریٹجک پلانز ڈویژن اور آرمی سٹریٹجک فورسز کمانڈ کے سینئر افسروں، سٹریٹجک اداروں کے سائنسدانوں ،انجینئرز نے کیا،تجریہ پاکستان کی سٹریٹجک فورسز کی آپریشنل تیاری و تکنیکی مہارت پر مکمل اعتماد کا اظہار ہے۔
صدر مملکت، وزیر اعظم ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تمام مسلح افواج کے سربراہوں نے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں ،انجینئرز کو مبارکباد دی۔
دریں اثناوفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی،چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی،سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق ودیگرنے ابدالی ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر مسلح افواج، سائنسدانوں ،انجینئرز کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہاقومی دفاع کےلئے جدید ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ قوم کےلئے قابل فخر لمحہ ہے،سائنسدانوں ،انجینئرز نے ایک بار پھر تکنیکی مہارت و پروفیشنل ازم کا بھرپور مظاہرہ کیا،سٹرٹیجک اداروں ،سکیورٹی فورسز کی بدولت ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہے،دشمن میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔
دوسری جانب میزائل تجربے نے بھارت میں ہلچل مچادی، خود میزائل تجربے کرنےوالے بھارت نے پاکستان کے اقدام کو اشتعال انگیزی قرار دےدیا،پاکستان کے بیلسٹک میزائل تجربے پر بھارتی میڈیا نے چیخ وپکار شروع کردی۔
دفاعی میدان میں ایک اور سنگ میل عبور،”ابدالی ویپن سسٹم“ کاکامیاب تجربہ



















