انصاف اللہ کا کام،جج دستاویزات دیکھ کر فیصلہ کرتے ہیں، جسٹس جمال مندول خیل

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا ہے حلف کے الفاظ دیکھ کر ڈر لگتا، انصاف اللہ کا کام ہے ہم تو بس فیصلہ کرتے ہیں، جج قانون کے مطابق دستاویز دیکھ کر فیصلہ کرتے ہیں۔

عالمی یوم مزدور کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس جمال مندوخیل نے کہا آپ لوگوں نے سنا ہو گا جسٹس بولتے نہیں لکھتے ہیں، سوچا تھا لکھی ہوئی تقریر پڑھ لوں گا مگر اب دل کی اور آئین کی بات کروں گا، مجھے بھی تقریر کرنا مشکل لگ رہا ہے، تقریب اہم ہے جس میں مل بیٹھ کر اپنے مسائل حل کیے جاتے ہیں، صدیقی صاحب نے مشکل میں ڈال دیا میں بالکل اچھا مقرر نہیں مگر بات کرنا ہو گی، آئین کے مطابق تمام انسانوں کے حقوق برابر ہیں، آئین کے مطابق کسی سے آپ زبردستی کام نہیں لے سکتے، ہم نے قوم کے حقوق کے تحفظ کےلئے حلف لیا، پالیسی فیصلوں پر میں بات نہیں کر سکتا، کلچر ہے مل بیٹھ کر جرگے کی صورت میں بات کریں، میرا کوئی کمال نہیں میں جج ہوں، سوال ہے کیا اپنے کام کےساتھ انصاف کر رہے ہیں؟ سوال ہے کیا میں بحیثیت جج اپنا کام درست طریقے سے کر رہا ہوں؟ صرف آپ کو مزدور اور مجھے جج کا نام دیا گیا ، میرا کوئی کمال نہیں میں اس عہدے پر بیٹھا ہوں۔

سپریم کورٹ کے جج نے کہا مجھے خوف ہے جو میرا حلف ہے کہیں میں اس کی خلاف ورزی تو نہیں کر رہا؟ کوئی فریق کہے گا میرا حق ہے مگر میں تو وہی فیصلہ کروں گا جو میرے سامنے دستاویز ہیں، اللہ مجھے اور میرے ساتھیوں کو حلف کی پابندی کرنے کی توفیق دے، مجھے جو اتنے پرتعیش دفاتر اور وسائل ملے ہیں وہ مزدور اور آپ کے توسط سے ہیں، جب ہم آپس میں بیٹھیں گے تو یقین ہے مسائل حل ہوں گے، کسی بھی ادارے کے ہر شخص کو حق حاصل ہے کہ وہ یونین بنائے، یہی بہتر طریقہ ہے مسائل بات چیت سے حل کیے جائیں، بہت سارے چھوٹے چھوٹے مسائل مل بیٹھ کر حل ہو سکتے ہیں، جس صوبے سے میرا تعلق ہے وہاں کان کنی کا کام ہے جو مزدور کرتے ہیں، جو کان کے اندر جاتے ہیں ان مزدوروں کے حوالے سے قوانین حکومت کو بنانے چاہئیں۔

جسٹس جمال مندوخیل نے مزید کہا آئین میں درج حقوق سب کو ملنے چاہئیں، کوئی مزدور کسی کا غلام نہیں ہوتا، آئین کے مطابق ہم فیصلہ کرتے اور اس کا تحفظ کرتے ہیں، آئین میں درج پوری قوم کے حقوق کے تحفظ کا ہم نے حلف لیا ہے، ہم نے جو بھی فیصلہ کرنا ہوتا ہے وہ کسی کے دباو¿، خوف اور لالچ میں آئے بغیر کرنا ہے، اپنے اور ساتھی ججز کی جانب سے یقین دلاتا ہوں ہم انصاف اور حقوق کا تحفظ کریں گے، آئیں جو بھی مسئلہ ہے اس پر مل بیٹھیں، ججز کے بارے میں کہا جاتا ہے وہ زیادہ میل جول نہ رکھیں، ہم جب کسی کے ساتھ بیٹھتے ہیں تو اس پر بحث شروع ہو جاتی ہے، معلوم نہیں صدیقی صاحب نے تعریف کی یا غیبت کہ میں صبح سویرے نہیں اٹھتا، ہمیں اپنی ذمہ داری نبھانی چاہیے، آپ مزدور ہیں اور میں جج، ہم دونوں کا کام ایک جیسا ہے، ہم تو بس فیصلہ کرتے ہیں، انصاف اللہ کی طرف ملتا ہے۔