لاہور (اپنے نمائندے سے) سرکاری ملازمین یونینز کے مرکزی رہنماﺅں نے یوم مزدور کے موقع پر کہا ہے کہ کسی بھی ملک اور ادارے کی خوشحالی اور اسکی معیشت مزدورکے دم سے رواں دواں ہے لیکن اسکے باوجود مزدور استحصال اور فاقہ کشی پر مجبور ہے، ہمارے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جارہاہے، مز دور کی خوشحالی کے بغیر ملک اور ادارے ترقی نہیں کرسکتے، مزدور فاقہ کشی پر مجبور اور ان کے گھر کا چولہا بجھ چکا ہے۔ واسا سی بی اے مشعل یونین کے صدر فاروق چوہدری کا کہنا ہے کہ آج کا دن ہمیں شگاگو کے مزدوروں کی قربانی کو یاد دلاتا ہے اس مقصد کو سمجھنے کی ضرورت ہے یوم مزدور کو منانے کی بجائے اپنے حقوق کے حصول کو عملی اقدامات سے یقینی بنانا ہو گا، واسا لاہور میں مزدور کو انتظامیہ کی جانب سے بنیادی حقوق کی ادائیگی کرنے میں مثبت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ایڈیشنل جنرل سیکرٹری واسا سی بی اے آصف مقبول نے کہا کہ ایم ڈی واسا ملازمین کے بنیادی حقوق کی ادائیگی میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ شعبہ ریونیو کے مزدور واسا کی آمدنی میں اضافہ کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں کسی بھی ادارے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی میں مزدور کی محنت کا ثمر شامل ہوتا ہے۔ اوقاف پنجاب و مذہبی امور سی بی اے رجسٹرکے صدر محمد رفیق کا کہنا ہے کہ اج کے دن ہمیں تجدید عہد کر نا ہو گا کہ مزدور کو ان کے بنیادی حقوق ان کی دہلیز تک پہنچانے میں مزید محنت کریں گے۔ اوقاف پنجاب و مذہبی امور میں مزدور کی وجہ سے ہی بہتری دیکھنے میں آرہی ہے سیکرٹری اوقاف کی سرپرستی میں محکمہ انتظامی اور مالی امور میں بہتر چل رہا ہے جو کہ مزدور کی بدولت ہے جبکہ متعدد نجی اداروں میں مزدور کی حق تلفی ہو رہی ہے حکومت کو چاہیے کہ وہ نجی سیکٹر میں کام کرنے والے مزدور کی حق تلفی کا ازالہ کروانے پر توجہ دیں کیونکہ ہر شعبہ میں مزدور کو اس کی محنت کا صلہ نہیں دیا جاتا جس سے اس کی حق تلفی ہوتی ہے آج کے دن ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہو گا کہ مزدور کی حق تلفی کرنے والے کردار کو رائے راست پر لانے کی خاطر تمام تر آپسی رنجش کو بھولاتے ہوئے ایک پیج پر ہونا ہے۔ مزدور کے دم سے ہی ملکی اور اداروں کی عزت ہے اوقاف پنجاب و مذہبی امور کے جنرل سیکرٹری ہمایوں چوہدری نے کہا کہ یکم مئی محنت و جفاکشی کا احساس دلا تاہے کسی بھی معاشرے میں مزدور اور معیشت کا آپس میں گہراتعلق ہوتا ہے۔ معیشت کاپہیہ مزدور کے دم سے ہی رواں دواں رہتا ہے یہ دن معیشت کے کھیت کو سیراب کرنے والوں کا دن کہلاتا ہے گو کہ آج دنیا کافی جدید ہوچکی ہے ٹیکنا لوجی کا دور ہے اس کے باوجود لیبرکا اپنا مقام ہے مزدور کے بغیر یہ جدید مشینری اور ٹیکنالوجی بھی کوئی حیثیت نہیں رکھتی ہے مزدوروں کی محنت اور خدمات کی قدر کرنی ہو گی مزدوروں کی محنت اور جفاکشی کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں مزدور کی ہی محنت سے مملکت کی معیشت آگے بڑھ رہی اور ملک ترقی کی جانب گامزن ہے یقینا مزدور کی بھی معاشرے میں ایک منفرد مقام وحیثیت ہے جس کا سب کو احترام کرنا چاہیے حکومت کو چاہیے کہ وہ مزدور کو مہنگائی کے موجودہ طوفان سے نجات دلائیں ایسے لیبر قائدین جو کہ مزدور کے نام پر لیبر کی سیاست کر رہے ہیں ان کو چاہیے کہ وہ ان کو حقوق دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں مزدور وں کی قربانی کے عالمی دن کے موقع پرآج ہم حکمرانوں سمیت اداروں کے ذمہ دران سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مزدور کو اس کا حق دیں مزدور کو موجودہ خراب مالی حالات میں مزدور کی مدد کریں آج کا دن مزدور کا دن ہے ہم شگا گو کے مزدوروں کی قربانی پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
دور جدید میں بھی محنت کش استحصال، گھروں میں مفلسی کے ڈیرے ہیں: مزدور رہنما



















