لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر عازمین حج کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی چوہدری نواز، ڈی جی اینٹی نارکوٹکس برگیڈیئر چوہدری سکندر حیات، ڈائریکٹر حج سینٹرل پنجاب محمد رضوان شریف، کسٹم حکام، ایف آئی اے حکام و دیگر متعلقہ محکمہ جات کے افسران موجود تھے۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے عازمین حج کو پھولوں کے ہار پہنائے اور کیک بھی کاٹا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے تقریب کے شرکاءسے اپنے خطاب میں کہاکہ عازمین حج کو حجاز مقدس کا متبرک سفر مبارک ہو۔ اللہ تعالیٰ نے عازمین حج کو مدینہ منورہ کا پاک سفر نصیب کیا ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ یہ عازمین حج کی لاہور سے پہلی فلائٹ ہے۔ مدینہ کے سفر کا ہر مسلمان خواہش مند ہوتا ہے۔ عازمین حج روضہ رسول پر اہل وطن کو اپنی دعاوں میں ضرور یاد رکھیں۔ دریں اثناء صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا ہے کہ وائس چانسلرز،پرنسپلزاور ایم ایس صاحبان کو ہسپتالوں میں ہاوس افسران اور پی جی ٹرینیزکی حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈیوٹی پر واپس نہ آنے والے ڈاکٹرزکے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ اس حوالے سے تمام ہسپتالوں کے ذمہ داران کو رپورٹ بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
عازمین حج کو متبرک سفر مبارک، دعاﺅں میں وطن کو یاد رکھیں : سلمان رفیق



















