ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا کہ صدر بازار اور پاکپتن بازار کو ماڈل بازار بنانے کیلئے جاری کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ دوکانداروں اور خریداری کیلئے آنے والے شہریوں کو درپیش مشکلات کم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل بازار بننے سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگابلکہ خریداری کے لئے آنے والوں کو آسانی اور سہولیات میسرآئیں گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر میں صدر بازار، پاکپتن بازار کے تاجروں اور کنٹریکٹرز سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد سمیت دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے دوکانداروں اور اور کنٹریکٹرز کے مسائل سنے اور انہیں فوری حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے ان کے آفس کے دروازے تاجر برادری کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر کی سربراہی میں 4رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے تاجر براہ راست ان کے رابطہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں بازاروں میں زیر تعمیر ڈرین کے کام کی کوالٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
ماڈل بازار سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ، خریداروں کو بھی آسانی ہوگی: کمشنر ساہیوال



















