عالمی امن کیلئے بھر پور کردار جاری رکھیں گے، محسن نقوی
اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے پاکستان ہمیشہ اقوام متحدہ امن مشنز کا بھرپور حامی رہا ، عالمی امن کیلئے اپنا بھر پور کردار جاری رکھیں گے۔
وفاقی وزیر سے اقوامِ متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے امن مشنز جنرل جین پیر لاکروا نے ملاقات کی،پاکستان ،اقوام متحدہ امن مشنز کے مابین تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا پاکستان ہمیشہ اقوام متحدہ کے امن مشنز کا بھرپور حامی رہا ہے، عالمی امن کیلئے اپنا بھر پور کردار جاری رکھیں گے،پاکستانی فوج ،پولیس افسروں نے کئی امن مشنز میں بھر پور مہارت سے کامیاب کردار ادا کیا ، کئی برس بعد پاکستانی پولیس افسر یواین میں دوبارہ فرائض سرانجام دینا شروع کر رہے ہیں،اقوام متحدہ امن مشنز کو موثر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال انتہائی ضروری ہے۔



















