کابل،اسلام آباد:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)تعلقات میں بڑا بریک تھرو،پاکستان، افغانستان نے مشترکہ امن و ترقی کا عہد کرلیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کابل میں افغانستان کے عبوری وزیر اعظم ملا حسن اخوند زاد،افغان ہم منصب امیر خان متقی ودیگر سے اہم ملاقاتیں کیں ،سکیورٹی سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق کاگل خانہ محل آمد پرافغان وزیراعظم آفس کے چیف آف سٹاف ملا عبدالوصی نے استقبال کیا،دونوں ممالک کے درمیان ہونےوالے مذاکرات میں تعلقات کے تمام پہلووں ،سکیورٹی امور، سلامتی، تجارت، ٹرانزٹ تعاون و دیگر امور پر زیر بحث آئے،برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے ،اعلیٰ سطح کے تبادلوں کا سلسلہ جاری رکھنے اورمشترکہ امن و ترقی کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
ملاقاتوں کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہاافغان مہاجرین کو عزت واحترام کے ساتھ واپس بھیجا جائے گا، دونوں ملک اپنی سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،ٹریک اینڈ ٹریڈ سسٹم سے افغان ٹرانزٹ گڈز میں تیزی آ سکتی ہے، سسٹم سے دونوں اطراف فائدہ ہو گا، 30جون کو ٹرانزٹ ٹریک اینڈ ٹریڈ سسٹم فعال ہو جائے گا،صرف این ایل سی کافی نہیں،مزید2کمپنیاں بھی شامل کردیں۔
نائب وزیراعظم نے کہا3کمپنیاں ہوں گی تو پھر مقابلہ ہو گا،بچت بھی ہو گی، کافی عرصے سے ٹرانزٹ گڈز کیلئے انشورنس گارنٹی کی تجویز تھی، آئندہ بینک گارنٹی کی بجائے اے پلس پلس انشورنس کمپنیوں کی گارنٹی قبول کریں گے،افغانستان چاہتا تھا کراس اسٹفنگ سہولت ایک ماہ میں 500 سے شروع کی جائے، 30جون سے کراس اسٹفنگ پر عملدرآمد طے کر لیا۔
اسحاق ڈار نے کہا مہاجرین کو عزت واحترام کے ساتھ واپس بھیجا جائے گا، خطے کی ترقی،بہتری،امن وامان کیلئے ملکر کام کرنا ہو گا، افغانستان کسی کو غلط سرگرمی کیلئے اپنی زمین استعمال نہیں کرنے دے گا نہ ہی پاکستان اپنی سرزمین افغانستان کیخلاف استعمال کرنے دےگا، دونوں ملک سختی کےساتھ شرپسند عناصر سے نمٹیں گے، بھر پور ایکشن لیاجائےگا،حکومت پاکستان نے کسی بھی افغانی کی زمین ، جائیداد پر قبضے کا حکم نہیں دیا اگر ایسا کوئی واقعہ پیش آیا تو شکایت سیل قائم کر دیا ،فوری شکایت کا ازالہ ہو گا، ملکر خطے کے امن و امان کےلئے کام کرنا ہے،کسی کو برادرانہ ماحول خراب نہیں کرنے دینگے۔
نائب وزیراعظم نے کہا افغانستان میرا دوسرا گھر ہے،آپسی تعلقات کو مزید فروغ دینا ہوگا،ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتا ہوں، افغان شہریوں کی فراخدلی سے میزبانی کی گئی، اپنے اثاثہ جات واپس لے جانے کی اجازت ہے،وسط ایشیائی ممالک کےساتھ بذریعہ ٹرین تجارت چاہتے ہیں، منصوبے میں افغانستان کی شمولیت لازمی ہے۔
قبل ازیں اسحاق ڈار کاافغان وزارت خارجہ آمد پر افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے استقبال کیا،وزرائے خارجہ کے درمیان اہم مذاکرات میں تاریخی رشتوں کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال ،مشترکہ امن و ترقی کے عزم کا اظہار،دو طرفہ مسائل کے حل کےلئے بات چیت مثبت ماحول میں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا،ہوائی اڈے پر افغان ڈپٹی وزیر خارجہ ڈاکٹر نعیم وردگ، ڈی جی وزارت خارجہ مفتی نور احمد، چیف آف سٹیٹ پروٹوکول فیصل جلالی نے استقبال کیا۔
دریں اثنا وطن واپسی سے قبل نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تمام ملاقاتوں میں اپنا ایجنڈا پیش کیا، مہمان نوازی کی بہت تعریف کرنی چاہئے،دونوں ممالک کے بہتر تعلقات کی شروعات ہوئیں، کوئی خفیہ مذاکرات نہیں کیے۔
ادھر ترجمان دفترخارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی افغان وزیراعظم ملا حسن اخوند سے ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، سکیورٹی امور، سلامتی، تجارت، ٹرانزٹ تعاون و دیگر امور پر تبادلہ خیال ،برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا،نائب وزیراعظم کا دورہ برادر ملک افغانستان کے ساتھ مستقل ،مضبوط روابط کے عزم کا مظہر ہے۔
اسحاق ڈار کادورہ مثبت،پاک افغان تعلقات میں بڑا بریک تھرو،مشترکہ امن و ترقی کاعہد



















