میونسپل کارپوریشن شہر کے 5بازاروں کو ماڈل بنانے کی سکیم تیار کرے :کمشنر ساہیوال
ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا ڈی پی ایس روڈ پر سیوریج لائن بچھانے کے کام کی وجہ سے سڑک پر ٹریفک کے شدید دباو اور شہریوں کو درپیش پریشانی کا نوٹس،پسپ حکام کو ڈبل شفٹ میں کام کرنے کی ہدایت کردی، سیوریج پائپ بچھانے کے ساتھ ساتھ سڑک کی فلنگ بھی کی جائے، کمشنر کی ہدایت۔وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔کمشنر شعیب اقبال سید نے مڈھالی روڈ اور اڈا بہادر شاہ پر تجاوزات پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کونسل دونوں اہم علاقوں کو تجاوزات سے پاک کرائیں۔انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن شہر کے 5بازاروں کو ماڈل بازار بنانے کی سکیم تیار کرے اور بازاروں سے ہٹائی گئی تجاوزات دوبارہ نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ وکلاءکالونی کا سیوریج مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور ہائی سٹریٹ پر ڈرین صفائی کا کام بھی مزید تیز کیا جائے۔



















