اسلام آباد:(بیورورپورٹ)جنگلات اراضی کیس میں تمام صوبوں، وفاقی حکومت سے تفصیلی رپورٹس طلب کرلی گئیں۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بنچ نے سماعت کی،سپریم کورٹ نے تمام صوبوں ، وفاقی حکومت سے تفصیلی رپورٹس طلب کرتے ہوئے کہازیر قبضہ اور واگزار کرائی گئی اراضی کی تفصیلات جمع کرائیں، جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا ایک ایشو اسلام آباد کی حدود کا بھی تھا اس کا کیا ہوا؟ سرکاری وکیل نے جواب دیا اسلام آباد کی حدود کا مسئلہ حل ہو چکا ،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے ساری دنیا میں جنگلات بڑھائے جا رہے ہیں پاکستان میں کم، رپورٹ نہیں حقیقت دیکھنی ہے، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا زیارت میں منفی 17 درجہ میں لوگ درخت نہیں کاٹیں تو کیا کریں، کیا حکومت سرد علاقوں میں کوئی متبادل انرجی سورس دی رہی ہے ؟۔
سرکاری وکیل نے موقف اپنایا زیارت میں ایل پی جی فراہم کی جارہی ہے،جسٹس علی مظہر نے سوال کیا پہاڑی علاقوں پر بسنے والے غریب لوگوں کو کیا سبسڈی دی جا رہی ہے ؟،جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دئیے عوام کو بہتر سہولیات دینا حکومتوں کا کام ہے، جسٹس علی مظہر نے کہا 2018 سے آج تک مقدمے میں رپورٹس ہی آرہی ہیں۔
جسٹس حسن رضوی نے کہاسندھ میں سمندر اراضی کھا رہا ہے، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا درخت لگوانا سپریم کورٹ کا کام نہیں،سپریم کورٹ نے تمام صوبوں اور وفاقی حکومت سے تفصیلی رپورٹس طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔
سندھ میں سمندر اراضی کھا رہا،درخت لگوانا سپریم کورٹ کا کام نہیں،آئینی بنچ



















