ملکی معیشت پر امریکی ٹیرف کا اثر محدود، مہنگائی بڑھے گی: گورنر سٹیٹ بینک

کراچی:(بیورورپورٹ)گورنر سٹیٹ بینک نے کہاہے ملکی معیشت پر امریکی ٹیرف کا اثر محدود رہے گا،ٹیکسٹائل برآمدات متاثر ہو سکتی ہیں،مہنگائی بڑھے گی۔

پاکستان فنانشل لٹریسی ویک کی تقریب سے خطاب، صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جمیل احمد نے کہاپاکستان ،آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ طے پا چکا تاہم رقم کے اجرا میں کچھ وقت لگ سکتا ہے،آئندہ ماہ مہنگائی بڑھے گی،ملک میں مالیاتی شمولیت بڑھانے کےلئے ہفتے میں متعدد سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائےگا، مقصد مالیاتی خدمات پر آگہی فراہم کرنے کےساتھ بااختیار بنانا ہے، دنیا بھر میں مالیاتی آگہی کو اہمیت دی جارہی ہے، ممالک مالیاتی تعلیم میں بھاری سرمایہ کاری کر رہے ہیں تاکہ معیشت کو مضبوط بناسکیں، 2015 سے بالغ بینک اکاونٹس ہولڈرز کی تعداد 16سے بڑھ کر 64 فیصد پر آگئی۔

گورنر سٹیٹ بینک نے کہابینکنگ پالیسی میں صنفی توازن کو بہتر بنادیا ، اکاونٹس کو آسان طریقے سے کھولنے کے ڈیجیٹل طریقے متعارف کرائے گئے، مالیاتی خدمات کو بڑھانے میں راست کی سہولت نے بھی اہم کردار ادا کیا، رواں مالی سال معیشت کی شرح نمو 2.5 سے 3.5 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے،عالمی سطح پر امریکی صدر کے حالیہ فیصلوں سے ٹیکسٹائل برآمدات متاثر ہو سکتی ہیں، دوسری جانب خام تیل کی قیمتوں میں کمی سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

جمیل احمد نے کہا موجودہ عالمی و داخلی اقتصادی حالات کے پیش نظر معیشت کا استحکام اہم ترجیح ہے، مرکزی بینک معاشی نظم و ضبط قائم رکھنے کےلئے اقدامات جاری رکھے گا،چیلنجز سے نمٹنے کےلئے سخت پالیسی اقدامات کیے ،درآمدات پر پابندیاں ، شرح سود میں اضافہ شامل تھا،اقدامات کے نتیجے میں انٹربینک ،اوپن مارکیٹ کے درمیان خلیج کم ہوئی ، شرح مبادلہ میں استحکام آیا،2025 کے مالی سال میں اب تک ترسیلات زر میں 33 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،مارچ میں ترسیلات زر میں تاریخی اضافہ ہوا، توقع ہے جون 2025 تک زرمبادلہ ذخائر 14 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے اور ترسیلات زر کا مجموعی حجم 38 ارب ڈالر ہوگا۔

گورنر سٹیٹ بینک نے کہاحکومت معاشی استحکام کیلئے کوشاں ہے،26ارب ڈالر کی بیرونی ادائیگیاں ہیں،16ارب ڈالر رول اوور یا ری فنانس ہوں گے،رواں مالی سال کے دوران کرنٹ اکاونٹ سرپلس میں ہے، تیل کے علاوہ دیگر درآمدات میں اضافہ ، آئل امپورٹس میں کمی ہو رہی ہے،رواں مالی سال معاشی ترقی کی شرح نمو 3 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے، مارچ 2025 میں 0.7 فیصد کی کم ترین سطح پر افراط زر دیکھی تاہم آئندہ ماہ سے افراط زر میں اضافہ ہوگا،2028 تک خواتین کی مالی خدمات سے دوری کا فرق 34 سے کم کرکے 25 فیصد پر لایا جائے گا، اقدام سے معیشت مضبوط ہوگی، بعد ازاں گورنرسٹیٹ بینک نے نیشنل فنانشل ایجوکیشن روڈ میپ 2025تا2029کاافتتاح کردیا۔