راولپنڈی (بیورو رپورٹ) پنجاب بھر میں انسداد تمباکو نوشی آرڈیننس 2002 پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت تعلیمی اداروں ،دفاتر، ہسپتال ،شاپنگ مالز اور پبلک ٹرانسپورٹ میں سگریٹ نوشی پر ایک لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جائیگا۔ پنجاب حکومت نے راولپنڈی سمیت صوبے بھر میں انسداد سگریٹ نوشی ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کے احکامات جاری کردیے، جس کی روشنی میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن سید نذرات علی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔ شرکا کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے دفاتر، سکول، ہسپتال، شاپنگ مالز اور ٹرانسپورٹ میں سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کی گی قانون کی خلاف ورزی پر 1000 سے 100,000 روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن سید نذرات علی کا کہنا تھا کہ دکانوں پر سگریٹ فروخت کرتے وقت نوٹس آویزاں کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے تعلیمی اداروں کے 50 میٹر کے دائرے میں سگریٹ فروخت کرنا ممنوع ہوگا۔ خلاف ورزی پر 5 ہزار سے 1 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا دی جاسکے گی، جںکی مجاز افسران کو دکان بند کرنے، سامان ضبط کرنے اور جرمانے عائد کرنے کے اختیارات حاصل ہے۔ تمام سرکاری اداروں کو فوکل پرسن خصوصاً سکول ایجوکیشن کو فوکل پرسن اور ٹرینرز نامزد کرنے کی ہدایت بھی کی گی ہے۔سید نذرات علی کا مزید کہناتھاکہ طلبا کو تمباکو نوشی سے بچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ تمباکو نوشی گلے کا کینسر، دل اور پھیپھڑوں کی بیماریاں کا باعث بنتی ہےجس سے ہر سال 1.6 لاکھ سے زائد اموات ہو رہی ہیں۔شہری ”سموک فری پاکستان“ ایپ کے ذریعے خلاف ورزی کی اطلاع دے سکتے ہیںریجن کو سموک فری بنانے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں۔
پنجاب ،عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی، خلاف ورزی پر ایک لاکھ روپے تک جرمانہ



















