تجارتی جنگ میں شدت،امریکہ،چین کے ایک دوسرے پر ٹیکس وار

واشنگٹن، بیجنگ، کراچی، اسلام آباد :(بیورو رپورٹ+ مشرق نیوز) تجارتی جنگ میں شدت، امریکہ، چین کے ایک دوسرے پر ٹیکس وار، پاکستان سمیت عالمی مارکیٹس میں پھر مندی ریکارڈ کی گئی۔

وائٹ ہاو¿س نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چین پر 104 فیصد ٹیرف کا نفاذ کردیا، کوئی تاخیر ہوگی نہ ہی توسیع دی جائیگی، چین کا ٹیرف پر جوابی کارروائی کرنا غلطی تھی اگر بیجنگ معاہدہ کرتا ہے تو ٹرمپ کی جانب سے ریلیف ملے گا،70ملک امریکی ٹیرف پر بات چیت شروع کرنے کیلئے رابطہ کر چکے، معاہدے امریکہ کو فائدہ پہنچانے والوں سے کیے جائیں گے،ہر ملک کیلئے تمام آپشن مذاکرات کی میز پر ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ٹیرف کی مد میں روزانہ 2ارب ڈالر حاصل کر رہے ہیں،تقریب سے خطاب میں ٹرمپ نے دیگر ممالک کےلئے غیر اخلاقی انداز اپناتے ہوئے تضحیک آمیز جملہ استعمال کرتے ہوئے کہا دوسرے ملک ٹیرف پر ڈیل کرنے کےلئے مرے جارہے ہیں،ممالک فون پر فون کررہے ہیں مہربانی کریں، سب کچھ کرنے کو تیار ہیں،امریکی صدر نے خود پر تنقید کرنے والوں کی نقلیں بھی اتاریں اور دعویٰ کیا مجھ سے بہتر ڈیل کوئی نہیں کرسکتا،مجھ سے پہلے کے صدور نا اہل یا بے وقوف تھے۔

علاوہ ازیں صدر ٹرمپ نے کوئلے کی پیداوار بڑھانے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیئے، ٹرمپ نے کہا ایسی صنعت کو واپس لا رہے ہیں جسے ترک کر دیا گیا تھا،کوئلے کی کان کنی کو فروغ دینے کیلئے دفاعی پیداوار کا قانون استعمال کریں گے۔

دوسری جانب چین نے جوابی اقدام اٹھاتے ہوئے امریکی درآمدی مصنوعات پر 84فیصد تک ٹیرف عائد کردیا،وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چینی مصنوعات پر 104فیصد ٹیرف نافذ کیے جانے کے بعد کیا گیا ۔

ادھر چینی وزارت تجارت نے 6امریکی کمپنیوں کوغیر معتبر اداروں کی فہرست میں شامل کرلیا ،کمپنیوں کےلئے چین میں کاروبار کرنا مزید مشکل ہو جائے گا،ایرو اسپیس ، ڈیفنس کمپنی سییرا نیواڈا کارپوریشن سمیت مصنوعی ذہانت سے وابستہ دیگر امریکی کمپنیاں شامل ہیں۔

دریں اثنا چین پر 104فیصد ٹیرف سمیت سے امریکہ میں درآمدت پر اضافی ٹیکس کے نفاذ سے پہلے سٹاک مارکیٹس میں پھر مندی ریکارڈ کی گئی، چین کا سی ایس آئی تھری ہنڈریڈ ،شنگھائی کمپوزیٹ انڈیکس آغاز پر ہی ایک فیصد سے زائد گرگئے ،ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ 3فیصد سے زائد نیچے آیا،امریکہ میں بھی کاروبار کا مندی پر اختتام ہوا ،سٹاک باون ہفتوں کی کم ترین سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔

مزید برآں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ایک روز کی تیزی کے بعد شدید مندی ریکارڈ کی گئی،کاروباری ہفتے کے تیسرے روز آغاز پر ہی منفی رجحان دیکھنے میں آیا، 2600 سے زائد پوائنٹس کی کمی کےساتھ 100انڈیکس ایک لاکھ 12 ہزار 891 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا،اختتام پر انڈیکس 1379 پوائنٹس کمی کیساتھ ایک لاکھ 14 ہزار 153 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

علاوہ ازیں ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے امریکی ٹیرف کے ایشیائی ممالک پر ممکنہ اثرات کی تجزیاتی رپورٹ جاری کر دی،رپورٹ کے مطابق مطابق ترقی پذیر ایشیائی خطہ امریکی ٹیرف سے سب سے زیادہ متاثر ہوگا اور ترقی پذیر ایشیائی خطے میں پاکستان امریکی ٹیرف کی زد میں آنے والا 14 واں بڑا ملک ہے،جنوبی ایشیا خطے میں پاکستان امریکی ٹیرف کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے

اے ڈی بی نے کہا سری لنکا کی مصنوعات پر 44 فیصد، بنگلہ دیش پر 37 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا ،پاکستان پر امریکی انتظامیہ نے 29 فیصد ،بھارت 26 فیصد، افغانستان، مالدیپ، نیپال اور بھوٹان پر شرح 10 فیصد عائد ہے،تانبا، ادویات، سیمی کنڈکٹرز، لکڑی کی اشیا کو اضافی ٹیرف سے مستثنیٰ قرار دیا گیا تاہم توانائی مصنوعات اور ادویات پر بھی اضافی امریکی ٹیرف لگنے کا خدشہ ہے،امریکی ٹیرف کا مقصد تجارتی خسارہ کم کرنا ہے۔