اسلام آباد:(بیورورپورٹ)امریکی ٹیرف سے پاکستان کو ایک ارب ڈالر نقصان،تجارتی خسارہ بڑھے گا،ممکنہ نقصان کی د ستاویز سامنے آگئیں۔
وزارت تجارت کی دستاویز کے مطابق امریکی ٹیرف کے نفاذ سے پاکستان کو ایک ارب ڈالر کا نقصان ہوگا اور امریکہ کو 2 ارب ڈالرز تجارتی خسارے کا سامنا رہے گا،پاک امریکہ تجارت کا حجم گزشتہ مالی سال 7.3 ارب ڈالرز رہا، امریکہ کی جانب سے پاکستان کو 2.1 ارب ڈالرز کی مصنوعات برآمد کی گئیں، امریکی مصنوعات کی برآمدات میں مالی سال 2023 کی نسبت 4.4 فیصد اضافہ ہوا۔
دستاویز کے مطابق پاکستان نے امریکہ کو 2024 میں 5.1 ارب ڈالرز کی مصنوعات ایکسپورٹ کیں،ایکسپورٹ میں 2023 کی نسبت 4.9 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا،امریکہ کا پاکستان کےساتھ تجارتی خسارہ بڑھ کر 3 ارب ڈالرز تک پہنچ گیا، امریکہ کا تجارتی خسارہ 2023 کی نسبت 5.2 فیصد تک بڑھا،پاکستان کی ٹیکسٹائل ، ملبوسات کی برآمدات امریکہ کو سب سے زیادہ 55 فیصد تک رہیں، پاکستان کے آئی ٹی شعبے کی برآمدات امریکہ میں ایک ارب ڈالر سے زائد ہوگئیں۔
ذرائع وزارت تجارت کے مطابق امریکہ کے 29 فیصد ٹیرف سے پاکستان کی برآمدات پر شدید اثرات ہوں گے، پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات امریکہ میں مہنگی ہو جائیں گی، طلب کم ہو سکتی ہے جبکہ نئے ٹیرف سے پاکستان کا تجارتی خسارہ مزید بڑھ سکتا ہے،پاکستان کو چاول ، ٹیکسٹائل کےلئے متبادل مارکیٹوں کی تلاش میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں، پاکستان کی برآمدات میں 10 سے 15 فیصد تک کمی کا امکان ہے،امریکہ کے ٹیرف سے بچنے کےلئے فوری تجارتی مذاکرات ناگزیر ہیں۔
امریکی ٹیرف سے ایک ارب ڈالر نقصان،خسارہ بڑھے گا،وزارت تجارت



















