پاکستان منرلز فورم کے انعقاد سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا: وزیراعظم شہبازشریف

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان منرلز فورم کے انعقاد سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے اسلام آباد میں 2 روزہ پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم 2025 کا آغاز ہوگیا ہے جہاں امریکہ، چین، سعودی عرب، روس، فن لینڈ اور ترکیہ سمیت دیگر ممالک کے وفود شریک ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر انوسٹمنٹ فورم میں شریک ہیں، اعلیٰ سطح کا امریکی وفد ایرک مائر کی سربراہی میں انوسٹمنٹ فورم میں شریک ہے، پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ بھی فورم میں موجود ہیں۔ فورم میں معزز مہمانان پاکستان بزنس کمیونٹی سے ملاقات کریں گے اور مختلف کاروباری امکانات پر مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔

پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تمام مندوبین کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، فورم کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، فورم کے انعقاد سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔