ٹرائل کورٹ 4ماہ میں 9مئی کیسز کافیصلہ کرے،سپریم کورٹ کاحکم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)ٹرائل کورٹ 4ماہ میں 9مئی کیسز کافیصلہ کرے،سپریم کورٹ نے حکم دےدیا۔

جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے 9 مئی ملزموں کی ضمانت منسوخی کیس پر سماعت کی،عدالت نے ٹرائل کورٹ کو 4 ماہ میں کیسز کا فیصلہ کرنے کا حکم دےدیا، ملزم وکیل نے کہا 4 ماہ میں ٹرائل کیسے مکمل ہو گا؟35 مقدمات ہیں اتنے کم عرصے میں ٹرائل مکمل نہیں ہو گا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے مردان میں مشال خان قتل کا واقعہ ہوا،میں تب پشاور ہائیکورٹ کا چیف جسٹس تھا، مشال خان قتل کیس کا 3 ماہ میں ٹرائل مکمل ہوا، انسداد دہشتگردی کی عدالت پرفارم کر سکتی ہے۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے سانحہ9مئی پررپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی،رپورٹ میںکہا گیاپنجاب میں 9 مئی ہنگاموں سے 19 کروڑ 70 لاکھ روپے کا نقصان ہوا ،24 ہزار 595 ملزم تاحال مفرور ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 9 مئی کو پنجاب کے 38 شہروں میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے املاک کو نقصان پہنچایا گیا، لاہور میں 110 ملین، راولپنڈی میں 26 ملین، میانوالی میں 50 ملین کا نقصان ہوا، 9 مئی کو ایک ادارے پر حملہ کیا گیا، 9 مئی صرف احتجاج یا ریلی نہیں بلکہ ادارے پر حملہ تھا،9 مئی کے پنجاب بھر کے 38 اضلاع میں 319 مقدمات درج ہوئے، ٹوٹل ملزموں کی تعداد 35 ہزار 962 ہے اور 11 ہزار 367 ملزمان گرفتار ہیں۔

سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 9 مئی پرتشدد احتجاج کے سبب ملک کو 197 اشاریہ 348 ملین روپے کا نقصان ہوا اور پرتشدد احتجاج کے سبب 152 پولیس افسران اور اہلکار زخمی ہوئے۔