موضع اچھرہ کے پٹواری کی کارستانی، اربوں کی قیمتی سرکاری اراضی جعلسازی سے پرائیویٹ افراد کے نام منتقل

لاہور (انویسٹی گیشن سیل+ میاں ذیشان سے) موضع اچھرہ کے پٹواری نے لاہور کے پوش علاقہ گلبرگ میں واقع انتہائی قیمتی اربوں روپے مالیتی سرکاری اراضی جعلسازی سے پرائیویٹ افراد کے نام منتقل کر دی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) لاہور کے جائیداد کی منتقلی کے احکامات بوگس ہونے کی بازگشت، بورڈ آف ریونیو کی انسپکشن اینڈ آڈٹ ٹیم نے رپورٹ مرتب کر کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) لاہور کو ارسال کر دی، تفصیلات کے مطابق تحصیل ماڈل ٹاﺅن کے پٹوار سرکل موضع اچھرہ میں تعینات پٹواری عبید اللہ گورائیہ اور ریونیو آفیسر ملک محمد اقبال نے لاہور کے پوش علاقہ گلبرگ میں واقع انتہائی قیمتی اربوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی بھاری رشوت وصولی کے عوض جعلسازی سے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے پرائیویٹ افراد کے نام منتقل کر دی، سابقہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) لاہور کا اراضی منتقلی کے حوالے سے لف شدہ احکامات بھی بوگس نکلے، بورڈ آف ریونیو کی نامزد کردہ انسکپشن اینڈ آڈٹ ٹیم نے رپورٹ مرتب کرکے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) صہیب بٹ کو ارسال کر دی ہے۔ آڈٹ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ موضع اچھرہ میں بوقت تصدیق بروئے انتقال نمبر 60409 (پروونشل ٹرانسفر آرڈر) رقبہ تعدادی 6 کنال 8 مرلے 211 مربع فٹ کے ہمراہ ٹرانسفر آرڈر نمبر 19425 کی تصدیق شدہ نقل لف نہ کی گئی ہے۔ عبید اللہ پٹواری اور ملک اقبال نائب تحصیلدار کو بار ہا درخواست کی گئی ہے کہ ٹرانسفر آرڈر کی مصدقہ کاپی مہیا کی جائے جس کی بنا کر انتقال تصدیق کیا گیا ہے لیکن متعلقہ پٹواری اور ریونیو آفیسر ٹرانسفر آرڈر کی مصدقہ کاپی مہیا کرنے سے قاصر رہے ہیں۔ آڈٹ رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ جس ٹرانسفر آرڈر کو بنیاد بناتے ہوئے انتقال تصدیق کیا گیا ہے، وہ ٹرانسفر آرڈر متعلقہ محکمہ سے تصدیق شدہ نہ ہے اور نہ تو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) لاہور کی اجازت لینا مناسب سمجھا گیا ہے اور نہ ہی ویری فائی کروایا گیا ہے۔ آڈٹ رپورٹ میں افسران بالا سے درخواست کی گئی ہے کہ جس ٹرانسفر آرڈر کو بنیاد بناتے ہوئے سرکاری اراضی کو پرائیویٹ افراد کے نام پر منتقل کیا گیا ہے اس کی مکمل انکوائری کی جائے اور عبید اللہ پٹواری اور ملک اقبال نائب تحصیلدار کے خلاف حسب ضابطہ کارروائی کی جائے۔

اس حوالے سے پٹواری حلقہ موضع اچھرہ عبیداللہ گوارئیہ کا کہنا ہے کہ آڈٹ رپورٹ کو حقائق کے برعکس مرتب کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) لاہور صہیب بٹ تمام انکوائری مکمل کر کے مجھے کلین چٹ جاری کر دی ہے۔ سرکاری اراضی کی منتقلی تمام قوائد و ضوابط کے مطابق ہوئی ہے اور کوئی غیر قانونی امر مانع نہ ہے۔

اس حوالے سے ترجمان ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ اس کیس کے حوالے سے میرے علم میں نہیں ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سے رابطہ نہیں ہو پا رہا جب تک حقائق کا مکمل علم نہ ہو جائے کوئی بھی بیان قبل از وقت ہو گا۔