امریکہ تجارتی شراکت دار،ٹیرف کامعاملہ حل کریں گے:وزیر خزانہ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے کہاہے ملک میں معاشی استحکام آ چکا ، مہنگائی 6 دہائیوں کی کم ترین سطح 0.7 فیصد پر ہے،سرمایہ کاروں کااعتماد بحال، ترسیلات زر میں 32 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر گہری نظر ہے،آئی ایم ایف بورڈ سے منظوری ملتے ہی ایک ارب ڈالر مل جائیں گے ،کسی وکیل ،مشیرکی ضرورت نہیں، تنخواہ دار پاکستانی گھر بیٹھے آسانی سے ٹیکس فائل کرسکیں گے،پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر اورنگزیب نے کہاکچھ دن قبل آئی ایم ایف کےساتھ سٹاف لیول معاہدہ کیا گیا، تمام بنچ مارکس پورے کیے، پروگرام کی ضرورت ہے،مہنگائی میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانا ذمہ داری ہے،اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی کےلئے ادارہ جاتی نظام بنا رہے ہیں، ملک میں معاشی استحکام آ چکا ،معیشت درست سمت گامزن ہے۔

معاشی استحکام کو اب پائیدار معاشی استحکام میں بدلنا ہے، ملکی زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے،وزیر خزانہ نے کہاترسیلات زرکو 36 ارب ڈالرز تک لےکر جائیں گے، سرمایہ کاری کا فروغ ضروری ہے، بینکنگ سیکٹر کا معیشت میں اہم کردار ہے، پالیسی ریٹ میں کمی سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے،جون کے آخر تک ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح 10.6 فیصد حاصل کر لیں گے،رواں سال ٹیکس ریونیو 32.5 فیصد بڑھا،نئے ٹیکس فائلرز سے 105،تاجروں سے 413 ارب حاصل کیے گئے،سینیٹر اورنگزیب نے کہاایف بی آر میں بہتر طریقے اور ٹیکنالوجی کا استعمال کیا، رواں مالی سال معاشی گروتھ 3 فیصد رہنے کا امکان ہے،شرح سود میں مزید کمی کی گنجائش ہے،بیرونی محاذ میں کافی بہتری آئی،کوشش ہے ضروری برآمدات میں کوئی رکاوٹ نہ ہو، جون کے آخر تک زرمبادلہ ذخائر 13 ارب ڈالر ہو جائیں گے۔

، ایل سی کھولنے اور کمپنیوں کو منافع باہر بھجوانے میں کوئی مشکلات نہیں ،وزیر خزانہ نے کہاکابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی مہنگائی میں کمی کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، ای سی سی نے مہنگائی پر خاص نظر رکھی ہے، مانیٹرنگ کیلئے نئے اقدامات کئے گئے،پی ڈبلیو سی ، اوورسیز چیمبر نے اعتماد میں اضافے کی رپورٹ دی ،پہلی بار اہداف حاصل کرنے کیلئے صوبوں نے بھی اقدامات کئے، امید ہے آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی طرف سے ایک ارب ڈالر کی دوسری قسط کی جلد منظوری دی جائے گی،سینیٹر اورنگزیب نے کہا موسمیاتی تبدیلیوں پر بھی آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو گیا ،ایک ارب ڈالر یک مشت نہیں ملیں گے بلکہ مرحلہ وار دئیے جائیں گے، جیسے موسمیاتی تبدیلیوں کے اہداف حاصل کریں گے رقم ملتی جائے گی،آئی ایم ایف کا آخری پروگرام بنانے کیلئے ضروری ہے۔

ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے، ٹیکس وصولی کو بڑھایا اور گہرا کیا جا رہا ہے، ایف بی آر میں ڈیجیٹائزیشن سے فوائد حاصل ہو رہے ہیں، چینی، کھاد، تمباکو میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا مکمل اطلاق کر دیا،وزیر خزانہ نے مزید کہاتنخواہ دار طبقے کیلئے انکم ٹیکس ادائیگی کو آسان بنایا جائے گا، آئندہ مالی سال تنخواہ دار طبقے پر خود ٹیکس ادائیگی کا نظام لاگو ہوگا،امریکہ پاکستان کا تجارتی شراکت دار ہے، ٹیرف معاملے پر وزیراعظم نے 2 کمیٹیاں بنا دیں، معاملے پر وفد امریکہ بھی جائے گا، چاہیں گے معاملے پر پاکستان ،امریکہ دونوں کا فائدہ ہو،پی آئی اے سمیت 24 سرکاری کاروباری ادارے نجکاری کمیشن کے سپرد کر دئیے،خزانے پر بوجھ اداروں کی نجکاری سے معیشت کو ریلیف ملے گا،امید ہے پی آئی اے کی نجکاری کا دوسرا مرحلہ کامیاب ہوگا،سینیٹر اورنگزیب نے کہابزنس کانفیڈنس انڈیکس میں بہتری حکومت کا دعویٰ نہیں بلکہ آزادانہ سروے کا نتیجہ ہے اگر مقامی سرمایہ کار سرمایہ کاری کریں گے تو معیشت مزید بہتر ہوگی،عیدالفطر پر ملکی معیشت میں نمایاں اقتصادی سرگرمیاں دیکھی گئیں،سروے کے مطابق عید پر 872 ارب کی خریداری کی گئی۔