بجلی سستی ہونے سے مہنگائی کم،صنعت ترقی کرے گی:تاجر،صنعتکار

اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،کامرس رپورٹر)تاجر وں،صنعتکاروں نے بجلی قیمتوں میں کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے اتنے بڑے ریلیف کی توقع نہیں تھی،حکومتی اقدام سے صنعت و کاروبار میں تیزی آئےگی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا ریلیف پیکیج گھریلو صارفین اور انڈسٹری کیلئے خوش آئند ہے،برآمدات میں بہتری آئے گی،ملک اچھی سمت میں جا رہا ہے۔

یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویر نے کہابجلی قیمتوں میں کمی کا خیرمقدم کرتے ہیں، معاشی استحکام کیلئے کام کرنا فرض ہے، وزیراعظم کے اعلان پر تاجروں کو آگے آنا چاہئے، ریلیف پیکیج پر پوری کاروباری برادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، وزیراعظم ، آرمی چیف کے مشکور ہیں،ثابت کر دیا آئی پی پیز کےساتھ معاہدے غلط تھے،بجلی نرخوں میں مزید کمی ہوسکتی ہے،جنکوز کی فروخت سے 9 ارب قومی خزانے میں آئے، ڈسکوز کی نجکاری سے 600 ارب کی چوری رکے گی۔

ایس ایم تنویر نے کہاپہلی جنگ 80 فیصد جیت لی،شرح سود بھی کم ہوگی،آنے والے دنوں میں مزید40 آئی پی پیز سے بات چیت سے بجلی مزید 6 روپے سستی ہوگی۔

لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے وزیراعظم کے فیصلے کوانڈسٹری و گھریلوصارفین کیلئے بڑا ریلیف قرار دیتے ہوئے کہابجلی کے زیادہ نرخ طویل عرصے سے کاروباری برادری کیلئے بڑا چیلنج بنے رہے،اقدام سے پیداواری لاگت میں نمایاں کمی ، صنعتی مسابقت میں اضافہ ،مہنگائی سے پریشان عوام کو بڑا ریلیف ملے گا۔

چیمبر عہدیداروںنے کہا بجلی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ معاشی بحالی، صنعتی ترقی و مہنگائی پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوگا، ملکی صنعتی بنیاد مستحکم ،برآمدات کو فروغ ،روزگار کے مواقع پیدا ہو ں گے۔

پاکستان بزنس فورم کے خواجہ محبوب نے کہا مثبت شروعات کی طرف وزیراعظم کا اہم قدم ہے، اقدام سے زراعت اورانڈسٹری کو کسی حدتک ریلیف ملے گا،امید کرتے ہیں کچھ ماہ بعد بجلی کے نرخ میں مزید کمی کی خوشخبری ملے گی، برآمدات بڑھانے کےلئے روپیہ بھی تگڑا کرنے کی ضرورت ہے۔