موثر پٹرولنگ، مانیٹرنگ،مربوط سکیورٹی انتظامات سے عیدالفطر پرامن گزری :عثمان انور
لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے عید الفطر کے ایام میں بہترین سکیورٹی انتظامات پر پولیس فورس کو شاباش دی ہے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، ڈی پی اوز اور ٹریفک افسران سمیت سینئر افسران فیلڈ میں موجود رہے۔ موثر پٹرولنگ، مانیٹرنگ اور مربوط سکیورٹی انتظامات کی وجہ سے عید الفطر پر امن گزری۔ ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، منشیات فروشی، پتنگ بازی میں ملوث افراد کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ عید الفطر پر لاہور سمیت صوبہ بھر سے ون ویلنگ میں ملوث 147 قانون شکن گرفتار اور 135 مقدمات درج کئے گئے۔ ہوائی فائرنگ میں ملوث 7 قانون شکن گرفتار اور 12 مقدمات درج کر کے ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا۔ عیدالفطر کے ایام میں 203 منشیات فروش گرفتار اور 199 مقدمات درج کیے گئے۔ منشیات فروشوں کے قبضہ سے 39 کلو گرام سے زائد چرس، 3 کلوگرام ہیروئن،2 کلو گرام کے قریب آئس اور 4 ہزار لیٹر شراب برآمد کی گئی۔انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 101 ملزمان گرفتار اور 98 مقدمات درج کئے گئے۔ پتنگ بازی میں ملوث افراد کے قبضہ سے 1000 پتنگیں اور 85 ڈور کی چرخیاں برآمد کی گئیں۔ عیدالفطر کے ایام میں لاہور میں ون ویلنگ پر 108 قانون شکن گرفتار اور 97 مقدمات درج کئے گئے۔ لاہور میں ہوائی فائرنگ کرنے پر 2 قانون شکن گرفتار کر کے مقدمات درج کئے گئے۔ لاہور میں پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 20 افراد گرفتار اور 18 مقدمات درج کیے گئے۔ لاہور میں عید الفطر کے ایام میں 43 منشیات فروش گرفتار، مقدمات درج اور بڑی مقدار میں منشیات برآمد کی گئی۔



















