صدر زرداری کورونا میں مبتلا آئسولیٹ،ملاقاتوں پر مکمل پابندی عائد

کراچی ،اسلام آباد:(بیورورپورٹ) صدرآصف زرداری کورونا میں مبتلا ،ملاقاتوں پر مکمل پابندی ،ذاتی معالج نے ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کردی۔

ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم نے کہاکورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد صدر آصف زرداری کوآئیسولیشن میں رکھتے ہوئے ملاقاتوں پر مکمل پابندی عائد کردی،ماہرین کی ٹیم دیکھ بھال کر رہی اور صدر مملکت کی حالت بہتر ہے،متعدد ٹیسٹ کیے گئے،مکمل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

دریں اثنا ذرائع پیپلز پارٹی کے مطابق صدر مملکت کے بخار اور انفکیشن میں بتدریج کمی آرہی ہے، حالت پہلے سے بہتر ہے،ڈاکٹرز مسلسل طبیعت کی نگرانی کررہے ہیں، صدرمملکت ڈاکٹرز کی ہدایت پر چند روز آرام کریں گے، طبیعت بہتر ہوتے ہی باقاعدہ اپنا دفتر سنبھالیں گے،ذوالفقار بھٹو شہید کی برسی کے جلسے میں شرکت نہیں کریں گے۔

ادھر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے اپنے بیان میں کہاصدر آصف زرداری کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے،دبئی منتقل کرنے کی خبریں درست نہیں ، جلد مکمل صحتیاب ہوں گے۔

دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف نے فون کرکے صدرمملکت آصف زرداری سے خیریت دریافت کی اور کہاپوری قوم کی دعائیں آپ کےساتھ ہیں، اللہ آپ کو جلد صحت کاملہ عطا فرمائے جبکہ اپنے بیان میں شہبازشریف نے صدرمملکت کی صحت پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے قوم سے جلد صحتیابی کےلئے دعا کی اپیل کردی۔

علاوہ ازیں گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے صدر مملکت کے معالج ڈاکٹر عاصم کو ٹیلی فون کرکے صدر زرداری کی خیریت معلوم کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا،قبل ازیں طبیعت ناساز ہونے پر صدر آصف زرداری کو نواب شاہ سے کراچی کے نجی ہسپتال منتقل کرکے میڈیکل ٹیسٹ کیے گئے۔