لاہور: (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے کہا ہے بیرون ملک کیے جرم پر پاکستان میں بھی کارروائی ہو سکتی ہے،جسٹس تنویر احمد شیخ نے ملزم ارشاد کی درخواست ضمانت میں قانونی نقطہ طے کر دیا۔
جسٹس تنویر احمد شیخ کے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا مدعی مقدمہ کے مطابق وہ 1992 سے عمان میں گولڈ جیولری کا کاروبار کر رہا ہے، مدعی کے مطابق ملزم ارشاد 4 سال سے عمان میں اس کے پاس نوکری کر رہا تھا،مدعی نے ہیرے کی انگوٹھی اور سونا خریدنے کےلئے ملزم کو 23 ہزار 600 عمانی ریال دیئے تھے، ملزم نے اسی دن رقم اپنے اور اپنی بیوی کے پاکستان میں موجود بینک اکاونٹ میں ٹرانسفر کر لی، ملزم ساری رقم اپنے بینک اکاونٹس میں منتقل کرنے کے بعد مسقط سے پاکستان آ گیا۔
فیصلے کے مطابق ملزم کے وکیل کے مطابق ملزم کےخلاف عمان میں کارروائی جاری ہے، ایک ہی الزام میں 2 جگہ پر کارروائی نہیں ہو سکتی، مدعی نے معاملے کی اطلاع عمان میں موجود پاکستانی سفارتخانے کو دی، پاکستانی سفارتخانے نے معاملہ پاکستان میںایف آئی اے کو ریفر کیا، قانون کے مطابق بیرون ملک کیے گئے جرم پر پاکستان میں بھی کارروائی ہو سکتی ہے، صرف اس صورت میں پاکستان میں کارروائی نہیں ہو سکتی اگر بیرون ملک کی عدالت ملزم کو سزا یا بری نہ کر دے، موجودہ کیس میں ملزم کےخلاف عمان میں صرف مقدمہ درج ہوا ، سزا یا بریت نہیں ہوئی، ملزم کو پاکستان داخل ہونے پر ایف آئی اے نے گرفتار کر لیا،فاضل جج نے کہا موجودہ صورت حال میں ملزم کےخلاف پاکستان میں کارروائی ہو سکتی ہے، لاہور ہائیکورٹ ملزم کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری خارج کرتی ہے۔
بیرون ملک کیے جرم پر پاکستان میں بھی کارروائی ہو سکتی ہے،لاہور ہائیکورٹ



















