لاہو ر(کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس میں بہترین کارکردگی پر افسران و اہلکاروں کی تعریفی اسنادا ور کیش انعامات سے حوصلہ افزائی جاری ہے جس کے تسلسل میں سنٹرل پولیس آفس میں افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات دینے کیلئے تقریب منعقد کی گئی۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 7 افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ افسران و اہلکاروں نے پنجاب پولیس آئی ٹی ایپس، سوفٹ ویئرز کی مدد سے جرائم پیشہ افراد اور اشتہاری مجرمان کی گرفتاری یقینی بنائی۔ تعریفی اسناد اور نقد انعامات حاصل کرنے والوں میں سب انسپکٹرز شاہد محمود، منظور احمد، اے ایس آئی جمشید اقبال، ہیڈ کانسٹیبل افتخار احمد،کانسٹیبلز سلمان یونس، فیصل عباس اور لیڈی کانسٹیبل ثنا جاوید شامل ہیں۔ افسران و اہلکاروں نے پنجاب پولیس ایپس کے ذریعے مجموعی طور پر 73 اشتہاری مجرمان اور 9 عدالتی مفرور گرفتار کیے۔مجرمان کے قبضہ سے چوری شدہ گاڑیاں، موبائل فونز اور نقدی بھی برآمد کی گئی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے افسران و اہلکاروں کو بہترن کارکردگی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب ایمرجنسی آئی سمیت تمام پولیس ایپس کرائم ڈیٹا اور کیس ہسٹری سے لیس مجرمان کی سرکوبی کیلئے مددگار ہیں۔آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کی تمام ایپس کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔پنجاب پولیس ایپس کے استعمال سے جرائم پیشہ افراد کی نشاندہی میں مدد حاصل ہو رہی ہے۔ دوسری طرف ڈاکٹر عثمان انور نے عید الفطر کی آمد پرپولیس فورس اور انکی فیملیز کی ویلفیئر کے لئے احسن اقدام اٹھاتے ہوئے تھیلیسیمیا اور دماغی فالج سے متاثرہ بچوں کو گذارا الاو¿نس کی مد میں 7 کروڑ 18 لاکھ روپے سے زائد رقم جاری کر دی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس ملازمین کے 157 تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کیلئے 7 لاکھ 65 ہزار روپے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔پولیس ملازمین کے 621 کے قریب دماغی فالج (سیریبل پالسی) کا شکار بچوں کیلئے ایک کروڑ 86 لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری کیے گئے اسی طرح گزارا الاو¿نس کی مد میں 1146 فیملیز کیلئے 4 کروڑ 61 لاکھ روپے سے زائد رقم جاری کی گئی ہے۔ ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس غازی محمد صلاح الدین نے کہا کہ ویلفیئر رقوم پولیس ملازمین کے بینک اکاو¿نٹس میں منتقل کی جا چکی ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر اپنے شہدا کے اہل خانہ اور ملازمین کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔عیدالفطر سے قبل شہدا کے اہل خانہ اور ملازمین کو ویلفیئر کی مد میں رقوم اور عید گفٹس کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔
پولیس کی تمام ایپس کے استعمال کو یقینی بنایا جائے :آئی جی پنجاب



















