میانمار،تھائی لینڈ میں زلزلے کی تباہ کاریاں،ہلاکتیں1000سے متجاوز

منڈلے،بینکاک،اسلام آباد:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)میانمار،تھائی لینڈ میں زلزلے کی تباہ کاریاں،ہلاکتیں1000سے متجاوز،پاکستان کااظہار افسوس،مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔

میانمار میں آنےوالے تباہ کن زلزلے کے اثرات بنکاک تک دیکھے گئے،ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں،عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق زلزلے کا مرکز میانمار کے دوسرے بڑے شہر منڈلے کے قریب تھا، گہرائی زمین میں 10 کلومیٹر تک تھی،میانمر میں طاقتور 7.7 شدت کے زلزلے کے بعد ریسکیو ٹیمیں ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے کی کوششوں میں دن رات مصروف ہیں،میانمر کے دوسرے بڑا شہر منڈلے زلزلے کا مرکزتھا ،جہاں 694 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی۔

امریکی ذرائع ابلاغ نے کہا ہلاکتوں کی تعداد 10000 تک پہنچ سکتی ہے،ادھر تھائی حکومت نے بنکاک میں ایمرجنسی نافذ کر تے ہوئے عالمی برادری اور تنظیموں سے مدد کی درخواست کردی ۔

دوسری جانب صدرمملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے میانمر، تھائی لینڈ، بنگلہ دیش میں خوفناک زلزلے جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا ، صدرآصف زرداری نے تھائی لینڈ، میانمر میں زلزلے میں ہلاکتوں اور مالی نقصان پردکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا میری ہمدردیاں تھائی لینڈ اورمیانمرکے عوام کےساتھ ہیں، دکھ کی گھڑی میں زلزلہ متاثرین کے غم میں شریک ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام میں دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا پاکستان تھائی لینڈ اور میانمر کےساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، دونوں ممالک کے عوام مشکل وقت سے گزر رہے ہیں ، دعائیں دونوں ممالک کےساتھ ، جلد بحالی کےلئے دعاگو ہیں۔