ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے پاشا سٹریٹ، شربت بازار، فرنیچر بازار میں نئی ڈرین تعمیرکرنے کا ڈیزائن تیار کرنے کی ہدایت کردی، گرلز کالج روڈ پر بھی دونوں اطراف ڈرین تعمیر کی جائے، گرلز کالج روڈ پر عید سے قبل ٹی ایس ٹی اور لیولنگ کا کام مکمل کیا جائے،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر کام کی نگرانی کریں، کمشنر کی ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ گرلز کالج روڈ پر از خود ڈرین بنانے والوں کو بھی ڈیزائنگ اور لیولنگ کرکے دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوگی چوک میں زیر تعمیر ڈرین پر سلیب رکھنے اور ٹف ٹائل لگانے والے کنٹریکٹرز باہمی رابطہ میں رہیں تاکہ کام جلد مکمل ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ سوئی گیس، واپڈا اور پی ٹی ایل کے کھمبوں کی منتقلی اور انڈر گراونڈ کنکشن کی فراہمی کا کام عید سے قبل مکمل کیا جائے۔ اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پاکپتن بازار میں رش کے باعث ٹف ٹائل لگانے کا کام شروع نہیں کیا جاسکا جسے عید کی چھٹیوں کے دوران ڈبل شفٹ میں کام کرکے جلد نمٹا دیا جائیگا۔ سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے بتایا کہ آڑاتلہ روڈ پر ٹف ٹائل اور کرب سٹونز کا کام،ملتان روڈ پر 36انچ قطر کا پائپ بچھانے اور کنعان پارک میں ٹف ٹائل لگانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ کمپری ہنسو چوک میں اسفالٹ کا کام 15اپریل تک شروع کردیا جائیگا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ صابر ٹاون، عنائت الٰہی کالونی سمیت دیگر علاقوں جہاں سیوریج لائنیں بچھائی گئی ہیں ان کے مین لائنز کے ساتھ کنکشن بارے بتایا جائے اور بھٹو نگر اور مسلم بن عقیل کالونی کی سیوریج لائن کو بھی فنکشنل کرنے کا پلان بنایا جائے۔دوسری طرف کمشنر ساہیوال/چیئرمین ساہیوال بورڈ شعیب اقبال سید کی میٹرک امتحانات میں شکایات پر فوری کارروائی، سپرنٹندنٹ گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز رینالہ خورد، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور ڈسٹری بیوٹنگ انسپکٹرز کو معطل کردیا، انضباطی کاروائی کیلئے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کو مراسلہ بھجوا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ساہیوال بورڈ کے زیر اہتمام جاری سالانہ میٹرک امتحانات میں شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ساہیوال/چیئرمین ساہیوال بورڈ شعیب اقبال سید نے گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز رینالہ خورد کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عظیم اصغر، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ حفیظ خاور اور ڈسٹری بیوٹنگ انسپکٹر بی او پی تقوی اسلامی رینالہ خورد حامد یاسین کو معطل کردیا گیا اور مزید کاروائی کیلئے سیکرٹری ہائرایجوکیشن کو مراسلہ بھجوا دیا گیا۔
گرلز کالج روڈ پر عید سے قبل ٹی ایس ٹی اور لیولنگ کا کام مکمل کیا جائے: کمشنر ساہیوال



















