سلامتی کونسل مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے قراردادوں پر عملدرآمد کرے:پاکستان

نیو یارک:(بیورورپورٹ)پاکستان نے سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر بھرپور انداز میں اٹھاتے ہوئے قراردادوں پر عملدرآمد کےلئے عملی اقدامات اٹھانے کامطالبہ کردیا۔

یواین مشن اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے سلامتی کونسل میں منعقدہ کھلی بحث میں خطاب کرتے ہوئے کہا سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود جموں و کشمیر کے مسئلے کامنصفانہ و حتمی حل ابھی تک باقی ہے،کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کو یقینی بنانے کےلئے قراردادوں پر عملدرآمد کیاجائے، سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے کشمیری عوام کے حق کو یقینی بنائے۔

طارق فاطمی نے خطاب میں پاکستان کے عالمی امن مشنز میں کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا پاکستان سب سے طویل عرصے سے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خدمات انجام دینے والے ممالک میں شامل اور امن قائم کرنے والے کمیشن کا بانی رکن بھی ہے،اب تک پاکستان نے 48 مختلف امن مشنز میں 2 لاکھ 35 ہزار سے زائد امن اہلکار تعینات کیے، 181 پاکستانی اہلکار عالمی امن و سلامتی کی خاطر اپنی جانیں قربان کر چکے ہیں،3267 سے زائد پاکستانی مرد و خواتین 7 مختلف اقوام متحدہ امن مشنز میں خدمات انجام دے رہے ہیں جو عالمی استحکام اور امن کےلئے پاکستان کی غیر متزلزل وابستگی کا ثبوت ہے۔