دہشتگردوں،خوارج کےساتھ آہنی ہاتھوں نمٹیں گے:سیاسی وعسکری قیادت

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی نے دہشتگردی کی حالیہ کارروائیوں کی مذمت اور انسداد دہشتگری کےلئے قومی اتفاق کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دہشتگردی کی تمام شکلوں کوختم کرنے کےلئے تمام وسائل بروئے کار لانے اور ہر آپشن استعمال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اعلامیے کے مطابق ملکی سلامتی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کےلئے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس سپیکر سردار ایازصادق کی زیر صدارت ہوا،وزیر اعظم شہباز شریف، پارلیمانی کمیٹی کے اراکین، سیاسی قائدین، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، وفاقی وزرا،فوج و انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میںسکیورٹی فورسز و قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی بہادری ، پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے دہشتگردی کی تمام شکلوں کوختم کرنے کےلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا، افغانستان میں شدت پسند دہشتگرد تنظیموں کےساتھ ہر قسم کی ہمدردی پر اظہار کی مذمت کی گئی، کمیٹی نے ریاست کی پوری طاقت کےساتھ خطرے کا مقابلہ کرنے کےلئے سٹرٹیجک ومتفقہ سیاسی عزم پر زور دیتے ہوئے انسداد دہشتگردی کےلئے قومی اتفاق کی ضرورت ،دہشتگردوں کے نیٹ ورکس ختم کرنے، لاجسٹک سپورٹ کے انسداد اور دہشتگردی و جرائم کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کےلئے نیشنل ایکشن پلان و عزم استحکام کی حکمت عملی پر فوری عملدرآمد پر زور دیا۔

اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے افواج پاکستان ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے قربانیوں و ملکی دفاع کے عزم کا اعتراف کرتے ہوئے کہاقوم دہشتگردی کےخلاف جنگ میں مسلح افواج، پولیس، فرنٹیئر کانسٹیبلری اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کےساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے،دشمن قوتوں کےساتھ ملی بھگت سے کام کرنےوالے کسی بھی ادارے، فرد یا گروہ کو ملکی امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائےگی۔

کمیٹی نے حزب اختلاف کے بعض اراکین کی عدم شرکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اعادہ کیا مشاورت کا عمل جاری رہے گا،دہشتگردی کے چیلنجز پر قابو پانے کیلئے قومی و ضروری قوانین نافذ اور اداروں کی بھرپور حمایت کرنا ہوگی۔

اعلامیے کے مطابق فورم نے زور دیا دہشتگردوں کے سہولت کاروں کا خاتمہ ممکن بنانے کیلئے مربوط و منظم حکمت عملی اپنانا ہوگی، دہشتگردی کی حمایت کرنےوالے ہرگروہ کےخلاف مو¿ثر کارروائی کی جائے گی ،کمیٹی نے سوشل میڈیا پر دہشتگردی کے بیانیے کو فروغ دینے والوں کےخلاف سخت کارروائی کی سفارش کرتے ہوئے کہاپاکستانی اداروں کو قانون نافذ کرنے اور قومی سلامتی کے معاملات میں مکمل آزادی ہونی چاہیے،دہشتگردی کے خاتمے کےلئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں، قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کےلئے وسائل فراہم کرنا ہوں گے۔

پارلیمانی کمیٹی نے کہادہشتگردی کےخلاف جنگ میں کسی بھی ادارے، فرد یا گروہ کو کمزوری نہیں دکھانی چاہیے، مضبوط و مربوط حکمت عملی کے تحت قومی سلامتی کو یقینی بنایا جائے،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اعلامیہ منظوری کیلئے پیش کیا ،کمیٹی نے متفقہ طور پر منظوری دی۔

اجلاس کے آخر میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی درخواست پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دعا کرائی،قبل ازیں جنرل سید عاصم منیر نے قومی سلامتی کمیٹی کو ملکی صورتحال پر 50 منٹ تک تفصیلی بریفنگ دی،بلوچستان ، خیبر پختونخوا میں سکیورٹی کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا دہشتگردی ملک کےلئے ناسور بن گئی ،مسئلے کا حل نکالیں گے، آخری دہشتگرد کی موجودگی تک پیچھا کرکے قلع قمع کریں گے،ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کیاجائےگا، شہدا کی قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتے، شہبازشریف نے قومی نوعیت کے اہم اجلاس میں حزب اختلاف کی عدم شرکت کو افسوسناک اور غیر سنجیدہ طرز عمل قراردیتے ہوئے کہااپوزیشن کی اجلاس میں عدم شرکت قومی ذمہ داریوں سے منہ موڑنے کے مترادف ہے ،دہشتگردی کےخلاف سب کو متحد ہو کر آگے بڑھنا ہوگا،ملکی حفاظت کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجی جوانوں کے اہل خانہ ہماری طرف دیکھ رہے ہیں۔

وزیراعظم نے بےنظیر بھٹو، بلور خاندان ، مفتی نعیمی سمیت سینکڑوں اہم شخصیات کی دہشتگردی کےخلاف جنگ میں لازوال قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہادسمبر 2014 میں سانحہ آرمی پبلک سکول کے بعد میرے قائد نواز شریف نے پوری قوم کو متحد کیا اور ملکر دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا،افواج پاکستان، قانون نافذ کرنےوالے اداروں، سکیورٹی ایجنسیز، سیاستدان، پاکستانی شہریوں کی جانب سے لازوال قربانیوں کی داستان رقم کی گئی۔

شہبازشریف نے کہا2دہائیوں کے دوران دہشتگردی کی جنگ میں معیشت کو 150 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان پہنچا، قربانیوں کی بدولت امن بحال ، معیشت سنبھلی اور ملک کی رونقیں بحال ہوئیں،2018 میں قائم ہونے والی نا اہل حکومت نے دہشتگردی کےخلاف جنگ سے حاصل ہونےوالے ثمرات کو ضائع کر تے ہوئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد روک دیا،فوج اور عوام ایک ہیں،دراڑ ڈالنے کی سازش پہلے کامیاب ہوئی نہ آئندہ ہوگی، شر پسند عناصر کی مذموم کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

وزیراعظم نے کہاپاکستان فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے،دہشتگردی کو ایک مرتبہ پھر سے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کےلئے سب کو آہنی عزم کا اعادہ کرنا ہوگا، دہشتگردوں کا اصل نشانہ عوام کا اتحاد ہے،حال ہی میں جعفر ایکسپریس پر حملے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، فوجی جوانوں و افسروں نے پیشہ وارانہ مہارت سے جانیں بچائیں،افواج پاکستان کی قیادت بالخصوص آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور تمام قانون نافذ کرنےوالے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،ملک،قوم،فوج، شہیدوں و غازیوں کےساتھ نہ ہونے والادہشتگردوں کا ساتھی اوراتحادی ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے ،ناسور کو ہر صورت شکست دیں گے، دہشتگردی کی ملکی سر زمین پر کوئی جگہ نہیں،اچھا ہوتا اگر اپوزیشن کے دوست بھی اہم اجلاس میں شرکت کرتے۔