افغانستان میں بیٹھے دہشت گرد گروپس، ٹریننگ کیمپس کےخلاف سرجیکل سٹرائیکس کا ارادہ نہیں:رانا تنویر

مریدکے (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر نے کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس سمیت پاکستان خصوصاًبلوچستان اورخیبر پختونخواہ میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات میں افغانستان میں بیٹھے دہشت گرد گروپ ملوث ہیں جن کو بھارتی خفیہ ایجنسی را اور افغان حکومت کی حمایت حاصل ہے ۔ممتاز زرعی سائنسدان و مذہبی روحانی شخصیت ڈاکٹر قاری رمضان کی تیمار داری کے بعد ان کے صاحبزادے ڈاکٹر احمد عمار آصف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان ناظم الامور کو طلب کیا ہے ،افغان حکومت کو آگاہ کردیا ہے کہ افغانستان میں بیٹھے پاکستان مخالف دہشت گرد گروپس، ٹریننگ کیمپس کے خلاف سرجیکل اسٹرائیکس کا ارادہ نہیں رکھتے تاہم اگر یہی صورتحال رہی تو پاکستان کو کچھ نہ کچھ فیصلہ کرنا پڑے گا ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی موجودہ صورتحال بہت پریشان کن ہے ،حکومت اس سلسلے میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو جلد اکٹھا کرنے جارہی ہے ،اے پی سی بلاکر تمام جماعتوں کواعتماد میں لیا جائے گا ،نواز شریف کے دور میں ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردی کا خاتمہ کیا گیا ،عمران خان نے جن دہشت گردوں کو چھوڑا بسایا آج انہی گروپوں کو پاکستان مخالف قوتوں کی حمایت حاصل ہے اوروہی دہشت گردی کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جلد بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف بہت بڑا آپریشن ہونے جارہا ہے، پاک فوج دہشت گردی پر مکمل کنٹرول کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہماری مضبوط اتحادی ہے ،وفاق سمیت پنجاب میں کوئی ایشو نہیں ،وزارتوں سمیت دیگر ایشوز پر ایک میٹنگ ہوچکی اور اپریل میں دوبارہ میٹنگ ہو گی۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پر جارہے ہیں جہاں وہ عمرہ کریں گے اور انکی سعودی حکام سے ملاقاتیں بھی ہوں گی ،سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ۔