انسانی سمگلرز بدنامی کا باعث ، کالا دھندا مکمل بند کرائیں گے،وزیراعظم

لاہور: (خبر نگار،اپنے رپورٹر سے)وزیراعظم شہبازشریف نے انسانی سمگلنگ میں ملوث ججا گینگ کے سرغنہ عثمان ججاکی گرفتاری پر ایف آئی اے ، آئی بی کو سراہتے ہوئے کہا ججا گینگ کو گرفتار کرنا لائق تحسین ہے، انسانی سمگلنگ کا کالادھندہ مکمل طورپر بند کرانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے ججا گینگ کے سرغنہ عثمان ججا کی گرفتاری پر ایف آئی اے ،آئی بی افسروں کو وزیراعظم ہاوس مدعو کرکے سراہا، اعزازی شیلڈز ، 10،10 لاکھ روپے کے انعامات سے نوازا۔

شہبازشریف نے کہا انسانی سمگلنگ کے گھناو¿نے جرم کے مرتکب عناصرکی سرکوبی ترجیح ہے، کالے دھندے میں ملوث افراد نے پاکستان کے تشخص کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی،ججا گینگ کو گرفتار کرنا لائق تحسین ہے،انسانی سمگلنگ میں ملوث افرادکئی بےگناہ لوگوں کی جانیں ضائع ہونے کے ذمہ دار ہیں، مکروہ عمل کے باعث کئی لوگ ڈوبے اور اپنی زندگیاں گنوا بیٹھے، انسانی جانوں پر اس سے بڑا کوئی ظلم نہیں ہوسکتا، انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصرکی وجہ سے پاکستان کی دنیامیں بدنامی ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا انسانی سمگلنگ کا کالادھندہ مکمل طورپر بند کرانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے، گھناو¿نے دھندے میں ملوث عناصرکےخلاف کارروائی پرافسروں کوقوم کی طرف سے شاباش، متعلقہ ادارے انسانی سمگلنگ کے گھناونے جرم کی بیخ کنی کےلئے دن رات محنت کریں،پاکستان کا نام عالمی سطح پر بلند کرنے میں ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، انسانی سمگلنگ کےخلاف کارروائی کرنےوالے افسروں نے ملک کو عزت بخشی، متعلقہ ادارے ایسے ہی اعلیٰ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھیں، پوری قوم انسانی سمگلنگ کےخلاف کارروائی میں اداروں کےساتھ کھڑی ہے۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپرنسی کے بورڈ کے اراکین مجیب الرحمن شامی،شاہد حامد اور احمد بلال محبوب نے ملاقات کی،پلڈاٹ کے امور سے آگاہ کیا،وزیراعظم نے پاکستان میں جمہوریت کی بہتری کیلئے کام کرنے پر پلڈاٹ کے کردار کی تعریف کی۔