اسلام آباد،لاہور: (بیورورپورٹ،کامرس رپورٹر)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاہے دہشتگردی کے عفریت کا خاتمہ،یورپی یونین کےساتھ تعاون ،شراکت داری مزید مضبوط بنائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
شہبازشریف نے جعفر ایکسپریس ٹرین حملے پر اظہار تعزیت کرنے پر یورپی یونین کی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور ملک سے دہشتگردی کے عفریت کے خاتمے کےلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا، وزیراعظم نے کہا پاکستان ،یورپی یونین کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ،مثبت پیشرفت سے مطمئن ہیں،ملاقات میں انسانی حقوق سمیت پاکستان ،یورپی یونین تعلقات کے مختلف پہلوﺅں پر تبادلہ خیال کیا گیا،یورپی یونین کی سفیر نے یورپی یونین وفود کے پاکستان کے حالیہ دوروں کےساتھ ساتھ آئندہ دوروں سے آگاہ کیا۔
دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف سے بوسنیا ہرزیگووینا کے سفیر ایمن کوہوڈاروچ نے ملاقات کی ،جعفر ایکسپریس حملے پرعوام ،حکومت کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا،وزیراعظم نے بوسنیا کے بھائیوں ،بہنوں کےلئے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے زور دیا موجودہ دوستانہ تعلقات کو باہمی طور پر مفید اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔
ایمن کوہوڈاروچ نے اپنے ملک کی سیاسی قیادت کی جانب سے وزیر اعظم کو نیک خواہشات و تہنیتی پیغامات پہنچائے،تعاون کے مزید فروغ کی بھرپور خواہش کا اعادہ کیا۔
علاوہ ازیںشہباز شریف کی زیر صدارت چینی کی کھپت و رسد اور مقررہ قیمتوں پر عام آدمی کو فراہمی پر جائزہ اجلاس ہوا،وزیراعظم نے چینی کے ذخیرہ اندوزوں ،مصنوعی طور پر قلت پیدا کر کے قیمت میں اضافے کے ذمہ دار عناصر کےخلاف سخت ترین کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ملک میں چینی کی وافر مقدار موجود ہے، مصنوعی طور پر بحران کی فضا پیدا کرنے والوں کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے، چینی ذخیرہ کرنے، قیمتوں پر سٹہ کھیل کر مصنوعی اضافے کی کسی کو ہر گز اجازت نہیں دیں گے،ناجائز منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کرکے رپورٹ پیش ،چینی کی کھپت اور رسد پر کڑی نظر رکھی جائے۔
شہبازشریف نے متعلقہ حکام کو شوگر ملوں کےساتھ چینی کی کھپت و رسد کی نگرانی کیلئے روابط مربوط کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہارمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عام آدمی کا مافیا کے ہاتھوں قطعاً استحصال نہیں ہونے دیں گے،چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز چینی کی مقررہ قیمت پر عوام کو فراہمی یقینی بنائیں۔
مزید برآں وزیراعظم سے پاکستان کی معروف کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی اورسرمایہ کاری ، بر آمدات میں اضافے پرمعاونت کی یقین دہانی کرائی،معاشی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کی گئی۔
شہباز شریف نے کہا پاکستان میں پائیدار معاشی ترقی کیلئے سرمایہ کاری لائیں، حکومت ہر قسم کی معاونت کرے گی،کاروباری برادری کے مسائل کا حل ترجیح ہے، طویل مدتی سرمایہ کاری کی مربوط سکیم لائی جائے،برآمدکنندگان کی سہولت کیلئے ایکسپورٹ فیسیلی ٹیشن سکیم پر کمیٹی قائم ہو چکی، جلد اپنی تجاویز کا مسودہ منظوری کیلئے پیش کرے گی۔
وزیراعظم نے کہامعاشی ٹیم کی کاوشوں سے استحکام کے حصول کے بعد معیشت ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہے،سب کو ایک ساتھ مل کر کام کرنا ہے،حکومت کاروباری برادری کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے،ایف بی آر کی ڈیجیٹائیزیشن و دیگر اصلاحات کی بدولت کاروباری برادری کو سہولت فراہم کر رہے ہیں، فیس لیس کسٹم کلیئرنس سسٹم سے بندرگاہوں پر کنٹینرز کی کلیئرنس کے وقت میں خاطر خواہ کمی آئی،صنعتوں کو بہترین افرادی قوت کی فراہمی کیلئے نوجوانوں کو تربیت کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں،پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرنے والے تمام اداروں کو ایک چھتری تلے جمع کر کے نظام کو مزید مربوط بنائینگے۔
ادھر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد کی خصوصی درخواست پر وزیر اعظم شہباز شریف نے فوری طور پر پورٹس پر پھنسے تمام کنٹینرز کی ریلیز کے احکامات جاری کر تے ہوئے ہدایت دی تمام پورٹس اتوار کے روز بھی کھلی رہیں گی تاکہ کاروباری برادری کو درپیش مشکلات کم کی جا سکیں،اس موقع پر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر میاں انجم نثار نے کہا فیصلہ درآمد کنندگان، برآمد کنندگان اور صنعت کاروں کےلئے بڑا ریلیف ثابت ہوگا،صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے کہااقدام کاروباری برادری کےلئے مثبت پیغام ہے،کاروباری لاگت میں کمی ، صنعتی پیداوار میں اضافہ ،تجارتی سرگرمیاں عالمی سطح پر مزید مستحکم ہوں گی۔
دوسری جانب وزیراعظم نے فٹبالرریاض کی معاشی تنگدستی کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم آفس مدعو کرکے 25 لاکھ کا امدادی چیک دیا اور ملازمت کا بھی انتظام کر دیا،شہباز شریف نے کہا کھلاڑیوں کو ہر قسم کی سہولیات اور وسائل کی فراہمی ترجیح ہے، ملک کے مایہ ناز کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے مطابق سرکاری اداروں میں ملازمتیں دی جائیں گی،باصلاحیت نوجوان قوم کے ہیرو ،ریاض جیسے کھلاڑی سرمایہ ہیں، ٹیلنٹ ضائع نہیں ہونے دیں گے۔
علاوہ ازیں اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میںشہباز شریف نے کہا اسلامو فوبیا کی خطرناک لہر ، بنیادی انسانی حقوق و مذہبی آزادیوں کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں کو ختم کرنے کےلئے مزید بہت کچھ کرنے کی فوری ضرورت ہے، آزادی اظہار کی آڑ میں توہین کا کوئی جواز نہیں، عالمی امن و ہم آہنگی کےلئے تمام مذاہب ،قابل احترام شخصیات کا احترام ضروری ہے۔
چینی کامصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کو شکنجے میں لایا جائے، وزیراعظم



















