یوم شہادت حضرت علیؓ، ضلع ساہیوال میں 41 روائتی مجالس اور 11جلوس نکالے جائیں گے

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) یوم شہادت حضرت علی کے سلسلے میں ضلع میں 19 سے 24 رمضان المبارک تک 41 روائتی و لائسنسی مجالس اور 11جلوس نکالے جائیں گے۔ ڈی پی ا وکے روائتی لائسنسی پروگراموں کو مکمل سکیورٹی دینے کے احکامات۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او رانا طاہر رحمان نے اے ایس پی صد ر سرکل راو سین تاج رئیسانی کے ہمراہ ضلع بھر کے پولیس افسران کو یوم شہادت حضرت علی کے سلسلے میں ہونے والے روائتی و لائسنسنی پروگراموں کی سیکورٹی کے حوالے سے پروفیشنل ہدایات دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں یوم علی کے سلسلہ میں 19رمضان المبارک سے24رمضان المبارک تک 41روائتی،لائسنسی مجالس منعقد ہوں گی،11روائتی،لائسنسی جلوس نکالے جائیں گے۔21رمضان المبارک کو 13روائتی و لائسنسی مجالس اور6روائتی و لائسنسی جلوس نکالے جائیں گے،ڈی پی ا ونے ان پروگراموں کی سیکورٹی کیلئے 4گزٹیڈ پولیس آفیسرز،10انسپکٹرز سمیت 508پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیا ہے،جن میں 32لیڈیز کانسٹیبلز بھی شامل ہیں۔ڈی پی او نے بتایا کہ روائتی و لائسنسی پروگراموں کے علاوہ کوئی نیا پروگرام کسی صورت بھی منعقد نہیں کیا جا سکتا،اس حوالے سے محکمہ داخلہ کے واضح اور دو ٹوک احکامات ہیں۔انہوں نے کہا کہ روائتی اور لائسنسنی پروگرام بروقت شروع ہو کر بروقت ختم ہوں گے،روائتی و لائسنسی جلوس اپنے روٹ پر ہی چلیں گے روٹ سے ہٹ کر کوئی جلوس نہیں چل سکے گا، تمام ایس ایچ اوز اپنے علاقہ کے روائتی ولائسنسی پروگراموں کے سیکورٹی انتظامات کے ذمہ دار ہوں گے جبکہ متعلقہ ایس ڈی پی اوز اس کی مانیٹرنگ کریں گے۔ڈی پی ا وآفس میں قائم کنٹرول روم ضلع بھر کے سیکورٹی انتظامات کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کرے گا۔