کھلاڑیوں کو سفارش اور پیسے لیکر کھلایا جاتا ہے‘ شاہد آفریدی پھٹ پڑے
لاہور (مشرق نیوز) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ پیسے لیکر اور سفارش کی بنیادوں پر کھلاڑیوں کو ٹیم کا حصہ بنایا جاتا ہے، تو ٹیم آگے کیسے جائے گی۔نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان اور آل رانڈر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ مجھے بورڈ سے کوئی کنٹریکٹ نہیں چاہیے، ہمیشہ یہی کہا ہے کہ جب بھی آپکو میری ضرورت ہوگی میں حاضر ہوں، گراس روٹ لیول پر کام کرنے کیلئے تیار ہوں۔انہوں نے کہا کہ محمد یوسف کی خدمات کی ضرورت پاکستانی ٹیم کیساتھ نہیں بلکہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہے، جو بلے بازوں کیساتھ انکی تکینک کام کرسکیں اور سکھا سکیں۔سابق آل رانڈر نے کہا کہ مجھے نہیں سمجھ آتا ہمارے سٹارز کو پاکستانی ٹیم کیساتھ ہی کیوں کوچنگ یا عہدوں کی ضرورت ہے۔شاہد آفریدی نے انکشاف کیا کہ انڈر-13، انڈر-16 اور انڈر-19 کی سطح پر موجود ریجنز کے پریزیڈنٹ کھلاڑیوں سے پیسے لیکر اور سفارش پر انہیں کھیلنے کا موقع دیتے ہیں تو کہاں سے کرکٹ آگے جائے گی۔انکا کہنا تھا کہ جب آپ بچے کو نیچے سے ہی انصاف فراہم نہیں کررہے تو کون سے رزلٹ کی توقع کررہے ہیں۔



















