نارووال(بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ آج ایک سیاسی جماعت دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہی ہے، میں نے خود بے گناہ ہوتے ہوئے تبدیلی سرکار کی جیل کاٹی ہے، دوسروں کو چور کہنے والا خود سب سے بڑا چور نکلا، اس ملک میں کسی کو کوئی ہلڑ بازی کی اجازت نہیں دیں گے،ملکی ترقی خواتین کی شراکت کے بغیر ممکن نہیں، اساتذہ معاشرے میں مثبت رویوں کو پروان چڑھائیں،ترقی کے حصول کیلئے ملک میں امن و استحکام کی فضا کو پیدا کرنی ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ایم بی گرلز ہائی سکول نارووال میں سائنس،ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبے میں پنجاب بھر کے سکولوں میں منعقدہ مقابلے میں شرکت کرنے والے طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سٹیم مقابلوں میں حصہ لے کر پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے اور آج گرلز سکول میں اس تقریب کو منعقد کرکے ہم اپنی خواتین کی صلاحیتوں کو داد تحسین پیش کرتے ہیں، بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے والی ماں کو میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ہم ہر اس بیٹی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو کسی بھی شعبے میں محنت کرکے اپنا نام پیدا کر رہی ہیں، پولیس،ائیر فورس اور صحت سمیت تمام تر شعبہ جات میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والی بیٹیوں کو ہم دادا تحسین پیش کرتے ہیں، احسن اقبال نے کہا ملکی ترقی خواتین کی شراکت کے بنا ممکن نہیں،خواتین کی ترقی کا سب سے بڑا ذریعہ تعلیم ہے، ہم نے اپنے دور میں نارووال میں %70خواتین کے سکول آپ گریڈ کروائے،ہم نے ضلع نارووال کی تمام یونین کونسلز میں خوتین کیلئے کم از کم ایک ہائی سکول بنایا، آج کے دن میں نے تمام وزرا اعلی کو خط لکھا ہے کہ ملک کی تمام تر یونین کونسلز میں خواتین کے ہائی سکول بنانے کیلئے بجٹ تقویض کریں، وسائل اور آبادی میں توازن کرنے کیلئے ہمیں کام کرنا ہوگا، ہمیں بچوں کی برین پاور میں بہتری لانے کی طرف توجہ دینی ہوگی۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں اپنے سماجی رویوں میں تبدیلی لانی چاھیے، ہمارے 40فیصد بچے غذائیت کی کمی کا شکار ہیں جو انکی ذہنی صلاحیتوں کو بڑھنے نہیں دیتا، استاد کو سماجی رویوں میں تبدیلی کیلئے کام کرنے کہ طرف توجہ دینی ہوگی، ہم نے اڑان پاکستان کا منصوبہ پاکستان کو پائیدار ترقی کی طرف لے جانے کیلئے شروع کیا ہے، ہم نے اپنا ترقی کی راہ مین اپنا کھویا ہوا مقام واپس لینا ہے، ترقی کے حصول کیلئے ہمیں اپنے ملک میں امن و استحکام کی فضا کو پیدا کرنی ہوگی،سیاست کوئی ڈرامہ نہیں کہ جو سوشل میڈیا کی سکرین دیکھ کر اسکے فیصلے کیے جائیں، اناڑی آدمی تو موٹر سائیکل نہیں چلا سکتا تو وہ ملک کیسے چلا سکے گا،ہم نے اپنی سیاست کو دا پر لگا کر ملک کو دوبارہ مستحکم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست ہمارے عہدے اور ہماری ساری شان مضبوط اور مستحکم پاکستان کے ساتھ ہی ممکن ہے، آج ایک سیاسی جماعت دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہی ہے، میں نے خود بے گناہ ہوتے ہوئے تبدیلی سرکار کی جیل کاٹی ہے، برطانیہ میں پکڑی جانے والی 190ملین پاﺅنڈ کی رقم عمران خان نے ملک ریاض کو واپس کردی، دوسروں کو چور کہنے والا خود سب سے بڑا چور نکلا، انشااللہ اس ملک میں کسی کو کوئی ہلڑ بازی کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ نارووال کے لوگوں کو میں نارووال میڈیکل کالج کے قیام کی مبارکباد پیش کرتا ہوں،آپ لوگوں نے تعلیم کی بنیاد پر میرا چناو کیا اور آج میں نے وہ قرض ادا کردیا ہے۔آج مزدور اور محنت کش طبقے کے لوگوں کے بچے بچیاں نارووال کی یونیورسٹیوں سے تعلیم حاصل کررہے ہیں، معاشرے میں یہ شعور پیدائشی کہ روزہ بھوک کی بجائے اپنی کردار سازی کیلئے فرض کیا گیا تھا، ماہ رمضان میں قرآن پاک کو ترجمے کے ساتھ پڑھیں، یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم قرآن پاک کو پڑھیں اور سمجھیں،بچوں میں دین کے نام پر نفرت پیدا نہ ہونے دیں، مسلمانوں میں تفریق اور تقسیم پیدا کرنے والا اسلام کا دوست نہیں بلکہ دشمن ہے۔احسن اقبال نے سٹیم مقابلوں میں شرکت کرنے والے ضلع نارووال کے طلبا میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے۔اس موقع پرچئیرمین بیت المال پنجاب و ممبر صوبائی اسمبلی خواجہ محمد وسیم نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
پی ٹی آئی دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہی ہے: احسن اقبال



















