اسلام آباد: (بیورورپورٹ)عون عباس پروڈکشن آرڈر پر سینٹ میں پیش، اعجاز چودھری کا معاملہ استحقاق کمیٹی کے سپرد کردیا گیا،پی ٹی آئی کے گرفتار سینیٹر عون عباس بپی کو ایوان بالا لاکرسارجنٹ ایٹ آرمز کے حوالے کیا گیا۔
عون عباس بپی نے چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی اور پروڈکشن آرڈر جاری کرنے پر شکریہ ادا کیا،بعدازاں ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر عون عباس بپی نے کہا سب سے پہلے چیئرمین سینٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آپ نے اخلاقی جرات کا مظاہرہ کیا، آپ نے اعجاز چودھری اور میرے ایشو پر سٹینڈ لیا جسے تاریخ میں یاد رکھا جائےگا۔
اپنی گرفتاری کا احوال سناتے ہوئے پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا 6 مارچ کو میں گھر پر تھا،صبح ساڑھے 8 بجے 20 لوگ گھر آئے، گھر اور میرے دفتر پر ریڈ کیا گیا، میں سو رہا تھا مجھے کالر سے پکڑ کر گھسیٹ کر لیکر گئے، مجھ سے موبائل فون مانگا گیا میرے بیٹے کو پکڑ لائے پھر چھوڑ دیا، میرے منہ پر کالا کپڑا تھا 2گھنٹے تک سفر کے بعد جج کےسامنے لایا گیا، جج نے پوچھا آپ پر کیا الزام ہے میں نے پوچھا میں ہوں کہاں، جج نے بتایا آپ بہاولپور کی تحصیل یزمان میں ہیں، پھر جج نے بتایا آپ پر 5 ہرن کے شکار کا الزام ہے،جب ایک روزہ ریمانڈ پر تھانے لیکر جایا گیا پتہ چلا یہ وہ تھانہ ہے جہاں فواد چودھری پر ٹونٹیاں چوری کا مقدمہ درج ہے، مجھے پنجاب میں مہنگائی کےخلاف مہم چلانے پر نشانہ بنایا گیا، میں بانی پی ٹی آئی اور تمام گرفتار رہنماوں کےساتھ کھڑا ہوں وفا کروں گا، کاش اعجاز چودھری بھی یہاں ساتھ ہوتے۔
اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا آپ نے اعجاز چودھری کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرکے آئینی کردار ادا کیا، پوری اپوزیشن کی طرف سے آپ کے شکرگزار ہیں۔
دریں اثناءلیگی پارلیمانی لیڈر عرفان صدیقی نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا چیئرمین سینٹ صاحب آپ نے ہمارا بہت امتحان لیا، آپ ممبران کے استحقاق کےلئے کوئی رولنگ دیتے ہیں تو پورا ایوان آپ کےساتھ کھڑا ہے، دونوں سینیٹرز کے پروڈکشن آرڈرز پر عمل ہونا چاہیے، امید ہے اب استحقاق کمیٹی معاملے کو دیکھے گی،عرفان صدیقی نے مزید کہا قید کاٹنا سیاستدانوں کا زیور ہے، چیئرمین سینٹ صاحب آپ نے 9 سال اور نواز شریف نے مجموعی طور پر 4 سال قید کاٹی، پی ٹی آئی کے کسی قیدی پر تشدد نہیں ہورہا، جیل میں مشکلات ہوتی ہیں لیکن تشدد والی کہانیاں مت بیان کریں،بعدازاں عون عباس بپی سینیٹر اعجاز چودھری کے پروڈکشن آرڈر پر عمل نہ ہونے پر احتجاجاً ایوان سے چلے گئے، پولیس عون عباس کو ایوان سے لیکر واپس روانہ ہو گئی۔
بپی کی پروڈکشن آرڈر پر سینٹ آمد، اعجاز چودھری کا معاملہ استحقاق کمیٹی کے سپرد



















