سمیڈا میں عالمی معیار کی ورک فورس کو بھرتی کیا جائے،شہبازشریف

اسلام آباد :(بیورورپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کو مارکیٹ اور صنعتوں میں درکار ہنر و کھپت کے مطابق تربیتی پروگرامز فراہم کرنے کے منصوبے کی منظوری دےدی،وزیراعظم منصوبے پر عملدرآمد کے عمل کی خود نگرانی کریں گے ،ماہانہ جائزہ اجلاس کی صدارت بھی خود کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

شہباز شریف نے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت کیلئے مقامی صنعتوں سے مسلسل روابط اور افرادی قوت کے بین الاقوامی اداروں کی کھپت کو مد نظر رکھنے جبکہ مقامی صنعتوں میں درکار ہنر کے حوالے سے جامع ڈیٹا بیس قائم کرنے کی بھی ہدایت دی۔

وزیراعظم نے کہا پاکستان کے باصلاحیت نوجوان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت اور ضروری ہنر کی فراہمی سے با اختیار اور بر سر روزگار بنا رہے ہیں، پاکستانی نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت کی فراہمی سے افرادی قوت کی برآمد کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں


دریں اثناشہباز شریف نے ایس ایم ایز میں ورکس فورس کی تربیت لازمی قرار دیتے ہوئے ہدایت کی سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) میں عالمی معیار کی ورک فورس بھرتی کی جائے اور مارکیٹ کی سطح پر تنخواہیں مقرر کی جائیں

شہباز شریف نے اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، سمیڈا کا ہماری دیہی معیشت کی بڑھوتری میں اہم کردار ہے، تمام دیہی آبادی بشمول دیہی خواتین کو سمیڈا کے بلا سود قرض پروگرام سے مستفید کرنے کےلئے لائحہ عمل بنایا جائے۔