جسٹس بابر ستار کا سائلین کی شکایت پر انکوائری کیلئے رجسٹرار کو خط


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)جسٹس بابر ستار نے سائلین کی شکایت پر انکوائری کیلئے رجسٹرار کو خط لکھ دیا۔

ذرائع کے مطابق خط میں کہا گیا اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹرانسفر ہوکر آئے سٹاف کی سائلین سے رشوت لینے کی شکایات ہیں،جسٹس بابر ستار کی ہدایت پر لکھے خط کی نقول تمام ججز کے سیکرٹریز کو بھی ارسال کر دی گئیں۔

خط میں کہا گیا میرے علم میں لایا گیا کورٹ سٹاف سائلین اور وکلاءسے رقم کا مطالبہ کرتے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ میں تباہ کن پریکٹس نے سر اٹھانا شروع کر دیا ، سائلین سے رقم لینے والے عملے کےخلاف انکوائری کرکے برائی کو جڑ سے اکھاڑا جائے، اسلام ہائی کورٹ کے کورٹ رومز اور کوریڈورز کی ویڈیو مانیٹرنگ ہوتی ہے، رجسٹرار آفس دو ہفتے کی فوٹیج نکال کر دیکھ سکتا ہے سٹا ف مطالبہ کرکے رقم لے رہا ہے، اگر ایسے مطالبات کی رپورٹس درست ثابت ہوں تو ملوث سٹاف کےخلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

جسٹس بابر ستار کے خط میں کہا گیا کورٹ ملازمین کا کسی وکیل یا سائل سے رقم لینا رشوت ستانی کے زمرے میں آتا ہے، اس طرح رقم لینا انصاف کی فراہمی کے بدلے میں رینٹ لینے کے مترادف ہے، پریکٹس کو کارروائی کرکے ختم نہیں کیا جاتا تو اسلام آباد ہائیکورٹ کا کلچر خراب ہوگا۔