وفاق افغانستان سے بات چیت کیلئے ٹی او آرز جلد منظور کرے،کے پی حکومت


پشاور: (بیورورپورٹ)کے پی حکومت نے اکوڑہ خٹک دھماکے کے بعد افغانستان سے بات چیت کیلئے وفاق سے ٹی او آرز جلد منظور کرنے کا مطالبہ کردیا۔

مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہاوفاق افغانستان سے بات چیت کیلئے خیبر پختونخوا حکومت کے ٹی او آرز جلد از جلد منظور کرے ، تاخیر سے گریز کیاجائے،صوبائی حکومت ہنگامی بنیادوں پر وفد افغانستان بھیجنا چاہتی ہے، عوامی جان و مال کی حفاظت حکومت کی ترجیح اور ذمہ داری ہے، وفاق، صوبے میں دہشتگردی کی روک تھام کی بجائے اہم مسئلے پر سیاست سے گریز کرے۔

بیرسٹر سیف نے کہاوفاق کو پنجاب ،سندھ کے وزرائے اعلیٰ کے بیرونی دوروں پر کوئی اعتراض نہیں، مریم نواز بھارت سے سموگ ڈپلومیسی کر سکتی ہیں تو دہشتگردی جیسے اہم مسئلے پر خیبرپختونخوا حکومت کی افغانستان سے بات چیت میں کیا حرج ہے؟،وفاق کی دوغلی پالیسی سے صوبے کی احساس محرومی مزید بڑھ رہی ہے۔